پشاور ( جنگ نیوز)خیبرپختونخوا اسمبلی ٹیم اورٹیم 18اسلام آباد کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ موسم کرکٹ گراؤنڈ فیصل ٹاؤن اسلام آباد میں کھیلا گیا جو خیبر پختونخوا اسمبلی ٹیم نے 64 رنز سے جیت لیا۔سیف اللہ خان کی قیادت میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے خیبرپختونخوا اسمبلی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے جس میں سمیع اللہ 36،پی سی بی لیول ون کے کوچ محمد ایاز 29، سیف اللہ خان 28اور خواجہ سکندر 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ عادل محمود 17اور ابرار باچہ 11رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ٹیم 18 اسلام آباد کی طرف سے عاشق علی نے تین وکٹیں اور سرمد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں ٹیم 18اسلام آباد مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا سکی جس کی قیادت قرنین حسن نے کی۔عاشق علی نے 33 اور حارث سعید نے 28 رنز بنائے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی ٹیم کی جانب سے شاہ زمان نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 8رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ابرار باچا، عادل جان نے 2، 2 عمر فاروق اور عادل محمود نے 1,1 وکٹ حاصل کی۔تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ اگلے ہفتے پشاور میں کھیلا جائے گا۔