کراچی ( اسٹاف رپورٹر، اے ایف پی) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی نماز جنازہ ملیر کینٹ کراچی میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں آرمی قبرستان میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا، سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جنرل (ر) پرویز مشرف کی نماز جنازہ پولوگراؤنڈ ملیر کینٹ کراچی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، سابق آرمی چیف جنرل ریٹائر قمر جاوید باجوہ اور جنرل ریٹائر اشفاق پرویز کیانی سمیت کئی ریٹائر اور حاضر سروس افسران نے شرکت کی۔نمازجنازہ میں ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، سید مصطفیٰ کمال ، ڈاکٹر فاروق ستار اور فروغ نسیم سمیت دیگر سیاسی رہنما شریک ہوئے۔ برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق جنرل مشرف کے جسد خاکی کو پاکستانی پرچم میں لپیٹا گیا تھا ، مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام نے بھی مشرف کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق نماز جنازہ میں تقریباً ڈھائی ہزار لوگوں نے شرکت کی ۔ سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف 5 فروری کو دبئی میں انتقال کر گئے تھے وہ طویل عرصے سے امریکن اسپتال دبئی میں زیرعلاج تھے۔ گذشتہ شب سابق صدر پرویز مشرف کی میت کو لے کرخصوصی طیارہ دبئی سے کراچی پہنچا تھا، خصوصی طیارے سے پرویز مشرف کی اہلیہ، بیٹی اور صاحبزادے بھی کراچی پہنچے تھے۔سابق صدر (ریٹائرڈ )جنرل پرویز مشرف کی تدفین کے موقع پر فوجی قبرستان میں سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے تھے ، حساس ادارے، پاک فوج ،رینجرز اور پولیس کے جوانوں نے سیکورٹی سنبھالی تھی،اس موقع پر ٹریفک پولیس بھی تعینات تھی ،جبکہ قبرستان کے باہر اور اندر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے اورکسی بھی غیر متعلقہ شخص اور گاڑی کو قبرستان کے قریب آنے کی اجازت نہیں تھی ۔ قبل ازیں پیر کو ہر خاص و عام کے لیئے آگاہی پیغام بھی جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ تمام حضرات جو نماز جنازہ میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں وہ اپنے اصل قومی شناختی کارڈ کے ہمراہ ملیر کینٹ چیک پوسٹ نمبر 2, 5, 6 سے داخل ہو سکتے ہیں۔ گاڑی کے رننگ پیپر ساتھ رکھنے اور بائیک والے حضرات ہیلمٹ ضرور لائیں بازو پر کالی پٹی سوگ کی علامت کے لئے پہن کر آئیں۔ 11 سے 12 بجے تک ماڈل ٹاؤن والے کیمپ پر پہنچیں تاکہ نماز جنازہ کے وقت تک تمام ممبران کی انٹری یقینی بنائی جا سکے۔ اس کے علاوہ ماڈل ٹاؤن پر راہنمائی کے لیئے آل پاکستان مسلم لیگ کا کیمپ بھی قائم کیا گیا تھا۔وہاں موجود فوج کے ایک جونیئر افسر نے اے ایف ک پی کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سابق فوجی سربراہ کو گن سیلیوٹ بھی پیش کیا گیا ۔ اے ایف پی کے رپورٹر کے مطابق سابق صدر کی نماز جنازہ میں تقریبا10ہزار افراد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ایک ہربل میڈیسن کی ڈاکٹر نماز جنازہ بتایا کہ مشرف کو وہ اعزاز نہیں ملا جس کے وہ مستحق تھے ۔ ایک ریٹائرڈ حکومتی عہدیدار 71سالہ واجد نور نے بتایا کہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ نماز جنازہ میں شرکت کرنا چاہتے تھے تاہم لوگوں کو اس سے متعلق تفصیلات نہیں بتائی گئی تھیں ۔