• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان، الیکشن کمیشن کا دفتر میدان جنگ، PTI اور ن لیگ کارکنوں میں جھڑپ

ملتان(ایجنسیاں)ملتان میں الیکشن کمیشن کے دفتر پر ہنگامہ آرائی،دفتر میدان جنگ بن گیا ، پی ٹی آئی اور ن لیگی کارکنوں میں جھڑپ ہوئی ہے،پی ٹی آئی کے عامر ڈوگر کو گرفتارکرلیا گیا جبکہ ن لیگی امیدواروں کو بھی گرفتارکرنے کے بعد رہاکردیا گیا۔ فواد چوہدری نے کہا ہے عامر ڈوگر کی گرفتاری سے جیل بھرو تحریک کا آغاز ہو گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ ملتان میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دوران مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکنان میں جھگڑا ہوگیا ، ملتان پولیس نے کارروائی کی اور پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کے ڈیرے پر چھاپا مارا۔پولیس نے ڈیرے سے 10 کارکنوں کو حراست میں لیا۔ اس دوران عامر ڈوگر نے بھی کارکنوں کے ہمراہ گرفتاری دینے پر اصرار کیا اور کہا کہ کارکنوں کوحراست میں لیا ہے تو میں بھی آپ کے ساتھ چلوں گا۔سٹی پولیس آفیسر ملتان کے مطابق حراست میں لیے گئے کارکنوں پر الیکشن کمیشن میں ہنگامہ آرائی کا الزام ہے، عامر ڈوگر کی گرفتاری کے احکامات نہیں تھے، انہوں نے خود گرفتاری دی۔دوسری جانب پولیس نے مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی رانا محمود الحسن کو بھی گرفتار کرلیا، وہ بھی ملتان الیکشن آفس میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے گئے تھے۔ تاہم بعد ازاں انہیں رہا کردیا اور پولیس نے مؤقف اپنایا کہ جھگڑےکے وقت رانا محمود الحسن الیکشن کمیشن میں موجود نہیں تھے۔
اہم خبریں سے مزید