کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ 8 کی شاندار ٹرافی منظر عام پر آگئی۔ ٹرافی کا اسٹار 24قیراط سونے سے تیار کیا گیا ہے۔ رونمائی کی شاہی اور پروقار تقریب کا انعقاد جمعرات کولاہور کے شالیمار باغ میں کیا گیا جس میں پی سی بی کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی، لاہور مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین، فرنچائزز کے نمائندے، کرکٹر شعیب ملک، شان مسعود، معین خان، عاقب جاوید، عاطف رانا، فرنچائز مالکان ،اعلیٰ عہدیداران اور اسپانسرز کے نمائندے شریک تھے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ 24قیراط سونے اور 9ہزار 907زرغون نگینوں سے جڑی نئی ٹرافی پہلے سے زیادہ دیدہ زیب ہے، ٹرافی کے 3پلرز قومی ٹیم کے اتحاد، مضبوطی اور جذبے کے عکاس ہیں، بیک سائیڈ پر بڑا پلر ٹیم کی کامیابی کیلئے سخت محنت اور لگن کو ظاہر کرتا ہے۔ پی ایس ایل سیزن سیون میں استعمال کی گئی ٹرافی دوبارہ نہیں پیش کی جائے گی اور یہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندر کے پاس ہی رہے گی۔ پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ ملتان میں ہوگا۔ چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ تاریخی شالیمار باغ میں ٹرافی کی رونمائی کرانے کا مقصد یہی تھا کہ کچھ تو پتہ چلنا چاہیے نہ کہ تبدیلی آ گئی ہے، تبدیلی میں کچھ تخلیقی چیزیں بھی ہو تی ہیں ، اس لیے شالیمار گارڈن سے بہتر اور کونسی جگہ ہو سکتی ہے ۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ہمارا نعرہ بھی یہ ہے کہ سب ستارے ہمارے ۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ یہ ٹرافی اس لحاظ سے بھی منفرد ہے کہ اسے مقامی لوگوں نے بنایا ہے اس سے پہلے بیرون ملک ٹرافی بنتی رہی ہیں پی سی بی کے اندر اس کی ڈیزائننگ کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک نئے طریقے سے پی ایس ایل کو ری لانچ کیا ہے دو تین سال سے کوویڈ کی وجہ سے کچھ مشکلات کا سامنا تھا ۔ شالیمار گارڈن کے بارے میں آج کل کی نسل کو نہیں پتہ ، پنجاب میں آئیں اور لاہور میں آپ ہوں تو پھر آگر آپ نے لاہور نہِیں دیکھا تو کیا دیکھا، ہمیں اپنے منصوبوں کے ذریعے اپنے کلچر کو پروموٹ کرنا چاہیے۔