دبئی (نمائندہ خصوصی) آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کے چیف ایگزیکٹیو سبحان احمد کا کہنا ہے کہ پہلے سال اماراتی لیگ نے کامیابیوں کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں اگلے سال پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت سے لیگ مزید اوپر جائے گی۔ دبئی اسٹیڈیم میں جنگ کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سابق پی سی بی حکامنے وعدے کے باوجود ہمیں بابر اعظم اور محمد حسنین کو دینے سے انکار کردیا تھا حالانکہ دونوں نے ہماری فرنچائز سے معاہدے کر لئے تھے۔ نجم سیٹھی ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب پر دبئی آئے تھے انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ اگلے سال پاکستانی کھلاڑیوں کو این او سی جاری کردیا جائے گا،یقین ہے کہ دیرینہ تعلقات کی وجہ سے پاکستانی کرکٹرز اگلے سیزن سے ایونٹمیں شریک ہوں گے۔ پاکستان میں جیو سوپر پر ٹورنامنٹ کے میچ براہ راست دکھائے جارہے ہیں اور دنیا بھر میں لیگ کی مقبولیت پر ہمیں اپ ڈیٹ مل رہی ہے۔ سب سے بڑی بات ہے کہ لیگ سے مقامی کرکٹ کو بہت فائدہ ہورہا ہے۔