ایبٹ آباد(جنگ نیوز) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم عدالت جانے سے روکتے ہیں، جیل بھرو تحریک گوگی سے شروع کرو، جیلیں بھرنے کا دعوی کرنیوالے 10 سال اپنی جیبیں بھرتے رہے، آنے والی نسلوں کیلئے (ن) لیگ کو ووٹ دیں، تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے جیل بھرو تحریک عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ان کی دوست فرح گوگی سے شروع کی جائے، ہیرے کی انگوٹھی اور رشوت آپ کی بیگم صاحبہ نے لی،گرفتاری وہاں سے شروع ہونی چاہئے، جیبیں آپ نے بھریں، جیلیں عوام کیوں بھریں،مریم نواز کا کہنا تھا اگر موازنہ ہو گا تو عمران کے کے پی اور شہباز شریف کے پنجاب میں 10 سال کا ہو گا، موازنہ ہو گا تو عمران کے 4 سال اور نواز شریف کے 4 سال کا ہو گا۔خیبر پختونخوا کو فنڈز کی نہیں نواز شریف کی ضرورت ہے، خیبرپختونخوا کے پاس فنڈز اور وسائل بہت ہیں، آنکھیں ترس گئیں لیکن خیبرپختونخوا میں مجھےکوئی منصوبہ نظر نہیں آیا، خیبرپختونخوا کے پاس ایک ہی منصوبہ ہزارہ موٹر وے ہے جو نواز شریف نے بنایا۔ملک کے ہر منصوبے پر نوازشریف کا نام لکھا ہے، جو کہتا تھا پشاور کو لاہور جیسا بنا دوں گا، اس نے لاہور کو بھی پشاور بنا دیا۔مریم نواز کا کہنا تھا مجھے پشاور کے دھماکے کی شدید تکلیف ہے لیکن اس کا کون قصور وارہے، وہ ذمے دار ہے جو 10سال حکومت کرتا رہا،ان کا کہنا تھا جیلیں بھرنے کا دعویٰ کرنے والے 10 سال اپنی جیبیں بھرتے رہے، خیبرپختونخوا کا بجٹ کہاں گیا، لوگ جواب مانگتے ہیں، خیبرپختونخوا میں احتساب کے ادارے کو تالا لگ گیا۔صوبہ ہزارہ بنانے کیلئے ٹوتھرڈ میجورٹی دو مل کر بنائیں گے۔