• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رابعہ علی

یہ بات تو سب خواتین ہی جانتی ہیں کہ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ چہرے کی دل کشی اور جاذبیت میں کمی آجاتی ہے اور اگر جلد کا خیال نہ رکھا جائے تو چہرے پر جھریاں بھی نمودار ہونے لگتی ہیں۔ لیکن ان جھریوں کی وجہ سے آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، آپ قدرتی ماسک اور گھر یلوٹوٹکوں سے باآسانی جھریوں سے چھٹکارا حاصل کر سکتی ہیں۔ بالکل !سی طر ح کچھ میک اپ کے طر یقے بھی ہیں۔ جن پر عمل کر کے جھریوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ خواتین چاہے عمر کے جس بھی حصے میں ہو لیکن تھوڑا بہت میک اپ تو ضروری ہے ،کیوںکہ یہ آپ کے حُسن کو چار چاند لگاتا ہے۔ اس ہفتے ہم آپ کو میک اپ کے حوالے چند اہم باتیں بتا رہے ہیں ،ان پر عمل کر کے آپ اپنے آپ کو جاذب نظر اورپُر کشش بنا سکتی ہیں۔

……موئسچرائزر……

بعض خواتین کم عمری میں موئسچرائزر کا استعمال نہیں کرتیں لیکن 30 سال بعد اس کا استعمال بے حد ضروری ہے۔ میک اپ سے قبل مو ئسچر ائزر لازمی استعمال کریں، ایسا موئسچرائزر لگائیں جو چہرے کی جلد پر دیر تک قائم رہے۔ روزانہ چہرے کی کلینزنگ اور موئسچرائزنگ کرنے سے بڑھتی عمر کے اثرات بھی کم ہوتے ہیں، کیوں کہ اس عمل سے چہرے کی جلد میں موجود ریڈیکلز ،جوکہ عمر بڑھنے کا سبب ہوتے ہیں ان کا عمل سست ہو جاتاہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین حُسن کلینزنگ کے بعد چہرے کی جلد کو موئسچرائزنگ سے ڈھانپنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

……فاؤنڈیشن……

بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ آپ کو فاؤنڈیشن کے استعمال میں بھی تبدیلی لانی ضروری ہے ، کیوں کہ ایک خاص عمر گزر نے کے بعد آپ کے چہرے پر شکنیں نمایاں ہونے لگتی ہیں۔ اس لیے فاؤنڈیشن کے انتخاب میں غلطی نہ کریں۔ ہلکے فاؤنڈیشن کا استعمال کریں، فاؤنڈیشن ہلکا ہوتو یہ نظر کم آتا ہے اور آسانی سے دانوں کے نشانات کو بھی چھپا دیتا ہے، تاہم بھاری فاؤنڈیشن چہرے پر زیادہ واضح ہوتا ہے۔ ماہرین حُسن بڑی عمر کی خواتین کو پنک کے بجائے یلو فاؤنڈیشن کے استعمال کا مشورہ دیتی ہیں۔ ان کے مطابق یلو فاؤنڈیشن چہرے پر کم اور ہلکا محسوس ہوتا ہے، اس کو لگانے کے بعد چہرے کی جلد جواں عمر محسوس ہوتی ہے۔

……لیکوئیڈ کنسیلر……

کنسیلر تمام عمر کی خواتین کے لیے چہرے کی خامیاں مثلاً داغ دھبے اور جھائیاں چھپانے کا کام کرتا ہے۔ یہ آپ کی میک اپ کٹ کا وہ اہم جزو ہے،جو چہرے کی ہر خامی کو خوبی میں بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ جھریوں میں جم کر لائنیں نہیں بننے دیتا۔ ساتھ ہی اس بات کا خیال بھی رکھیں کہ کنسلیر کا شیڈ فاؤنڈیشن کے شیڈ سے ایک درجہ کم ہو۔

…… آئی لائنر……

اگر آپ کم عمری میں روزانہ بلیک آئی لائنر کا استعمال کرتی تھیں تو بڑھتی عمر کے ساتھ مختلف رنگوں کے آئی لائنر کا انتخاب کریں، یہ آپ کی آنکھوں کی خوب صورتی اور دل کشی بڑھانے میں اہم کر دار ادا کریں گے۔

……نقوش کا خیال رکھیں……

بڑھتی عمر کی خواتین دوران میک اپ چہرے کی ساخت اور نقوش کا خاص خیال رکھیں مثلاً رخسار کی ہڈی ابھارنے کی کوشش کریں، ہلکے یا درمیانے شیڈ کا فاؤنڈیشن یا بلش آن رخسارکی ہڈی پر لگائیں، اس سے چہرہ نمایاں ہوگا اور چہرے کی جلد پر پڑنے والی جھریاں بھی چھپ جائیں گی۔ ہونٹوں پر بھی خاص دھیان دیں، اگر آپ کے ہونٹوں کی سائیڈ پر لکیریں بن گئی ہیں تو انھیں فاؤنڈیشن اور کنسیلر کی مدد سے چھپایا جا سکتا ہے۔

……آئی شیڈوبیس……

اگر پر ائمر فائونڈیشن اور کنسلیر کے بعد بھی آپ کی آنکھوں کی شکنیں موجود ہیں تو آئی شیڈو بیس کا استعمال کریں۔

…ہلکے رنگ کی آئی بروپینسل…

آئی بروفلنگ کرنی ہو تو کوشش کریں کہ اپنی آئی برو سے ہم رنگ آئی برو پینسل کا انتخاب کریں ،ہلکے رنگ کی آئی برو پینسل چہرے کو سوفٹ اور قدرتی اندازدے گی۔

……لپ اسٹک کا انتخاب……

ایسی لپ اسٹک کا استعمال کریں ،جس کے فارمولے میں موئسچرائزر استعمال کیا گیا ہو۔ بڑی عمر کی خواتین کے ہونٹ اکثر خشک ہونے لگتے ہیں اور لپ اسٹک میں موجود موئسچرائزر ان کے ہونٹوں کو نرم رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔