کوئٹہ(خ ن)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کی خصوصی ہدایت پر بی ایف اے معائنہ ٹیموں نے ضلع نوشکی اور خضدار میں دودھ کی دکانوں سمیت مختلف اشیاء خوردونوش کے مراکز کا معائنہ کیا۔ نوشکی میں ملاوٹی دودھ کی فروخت پر 5 ملک شاپس جبکہ قوانین کی خلاف ورزی پر 4 معروف بیکریوں سمیت 12 مراکز پر جرمانے عائد کئے گئے ۔ متعدد ملک شاپس سے ملک سیمپلز لیکر موقع پر ٹیسٹ کئے گئے ، لیبارٹری تجزیئے کے مطابق 5 نمونوں میں پانی کی وافر مقدار ملائی گئی تھی جس پر ملک شاپس مالکان کو جرمانہ کیا گیا۔ بیکرز کے خلاف صفائی کی ابتر صورتحال ، اشیاء اسٹوریج کے ناقص انتظامات ، پروڈکشن احاطوں میں گندگی و مکھیوں کی بھرمار ، زائد المیعاد فلیورز و دیگر اجزاء کی موجودگی اور حتمی پراڈکٹس پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تواریخ ظاہر نہ کرنے پر کارروائی کی گئی ۔ دوران معائنہ ایک بریانی شاپ اور 2 جنرل اسٹورز سے زائد المیعاد خوردنی مصنوعات پکڑی گئیں ، جنہیں ضبط کرکے موقع پر تلف اور مراکز مالکان پر جرمانے عائد کئے گئے ۔بی ایف اے حکام نے متعدد ہوٹلوں ، بیکرز اور جنرل اسٹورز کو معمولی نقائص پر اصلاحی نوٹسز جاری کئے جبکہ مالکان و ورکرز میں فوڈ سیفٹی سے متعلق خصوصی کتابچے بھی تقسیم کئے گئے ۔علاوہ ازیں ڈویژنل ڈائریکٹر بی ایف اے سجاد علی کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے خضدار کے مختلف علاقوں اور داخلی راستوں پر قائم مراکز و ملک سپلائرز کی چیکنگ کا سلسلہ مسلسل دوسرے روز بھی جاری رکھا ، اس دوران ملاوٹی دودھ کی فراہمی و فروخت پر ایک ملک سپلائر اور 3 ملک شاپ جبکہ چائے کی تیاری میں ملاوٹ زدہ دودھ استعمال کرنے پر 2 ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کی گئی ، ڈویژنل ڈائریکٹر قلات کے مطابق مختلف اوقات میں دودھ کی معیار کی جانچ کیلئے ملک شاپس ، ہوٹلوں اور ملک سپلائرز کا معائنہ کیا گیا ، بی ایف اے کی خصوصی موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے دودھ کے مختلف ٹیسٹ کئے گئے ، ملک سپلائر و ملک شاپس سے حاصل کردہ دودھ کے نمونوں میں پانی کی وافر مقدار اور خشک پاؤڈر کی ملاوٹ کی گئی تھی جبکہ ہوٹلوں کے دودھ میں پانی کی ملاوٹ کا انکشاف ہوا۔