گجرات ،جہلم،دینہ(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مہنگائی مارچ کے تیسرے روز جلسہ سے خطاب میں حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کم کر کے لوگوں کو جینے کا حق دو۔ظالموں جو قرض آپ نے لیے آپ اپنی پراپرٹیاں بیچ کر ادا کرو،اب حکومت کہتی ہے عوام قربانی دے، ملک میں فوری طور پر آزادانہ اور شفاف الیکشن ہونے چاہئے ۔ قومی اسمبلی بے توقیر ہو چکی ہے۔ تمام کرپٹ سیاسی جماعتوں کے ٹرائیکا نے عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مار گئی مہنگائی مارچ کے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے جادہ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد 8ہزار ارب روپیہ قرضہ لیا ہے۔ 31ہزار ارب روپیہ پی ٹی آئی کی حکومت نے قرضہ لیا تھا ۔ ان حکومتوں نے قرضے لے لے کر 62ہزار ارب روپے کا قرضہ عوام کے اوپر کوہ ہمالیہ بنا دیا ہے۔ اب حکومت کہتی ہے عوام قربانی دے۔ اور ایک وقت کا کھانا کھائے۔امیر جماعت اسلامی نےعوام سے کہا کہ آپ اللہ کو گواہ بنا کر یہ فیصلہ کریں کہ اس ملک میں غلط پالیسیوں کی وجہ سے اور قرضوں کی بھر مار سے اس کی سزا عوام بھگت رہے ہیں۔