کراچی (ا نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے آغاز پر مختلف کھیلوں سے وابستہ انٹرنیشنل اور قومی کھلاڑی بھی پرجوش دکھائی دے رہے ہیں، کئی کھلاڑیوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا ہے کہ ان کی فیڈریشنوں کو بھی ملک میں کھیلوں کی ترقی اور ٹیلنٹ کی تلاشیکے لئے اسی طرز کی عالمی لیگ کا انعقاد کرنا چاہئے۔ قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان سمیع اللہ نے کہا کہ پی ایس ایل ہماری کر کٹ کے سر کا تاج بن چکی ہے، اس کے مقابلے شان دار ہوتے ہیں۔ اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے کہا کہ اسکواش میں بھی اسی طرح کی لیگ شروع ہونی چاہئے، بیڈ منٹن کی قومی چیمپئن ماہور شہزاد نے کہا کہ پی ایس ایل کھیلوں میںہماری پہچان بن چکا ہے، اس کا شدت سے انتظار رہتا ہے۔ خاتون ایتھلیٹ نسیم حمید نے کہا کہ اس بار پی ایس ایل کا آفیشل نغمہ بہت زیادہ جان دار نہیں، ایتھلیکٹکس میں بھی ہمیں اس قسم کی لیگ کا انعقاد کرنا چاہئے، میری ہمدردی کراچی کے ساتھ ہے، خاتون ٹیبل ٹینس اسٹار شبنم بلال نے کہا کہ پی ایس ایل نے پاکستان کو کھیلوں میں دنیا میں نیا نام دیا، دنیا بھر کے کھلاڑیوں کی آمد نے ایونٹ کو چار چاند لگادئیے ہیں، انہوں نے ٹیبل ٹینس میں بھی ترقی کے لئے ایسی لیگ کرانے پر زور دیا، قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ نے کہا کہ ہم کئی سالوں سے پاکستان سپر ہاکی لیگ کا سن رہے ہیں مگر معلوم نہیں یہ لیگ کب شروع ہوگی، انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ لاہور قلندر ایک بار پھر اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔