سکھر ( بیورورپورٹ ) الیکشن ٹریبونل نے سید خورشید شاہ کی کامیابی کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی، الیکشن ٹریبونل میں سید خورشید شاہ کی کامیابی کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ الیکشن ٹریبونل میں سید خورشید شاہ کی کامیابی کیخلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی ، الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس ظفر احمد راجپوت نے سماعت کی ، سماعت کے موقع پر خورشید شاہ کے وکیل ایڈووکیٹ مکیش کمار اور سید طاہر شاہ کے وکیل ایڈووکیٹ نثار بھنبھرو عدالت میں پیش ہوئے اور دونوں فریقین کے وکلا نے عدالت میں تحریری دلائل جمع کروادیئے ، عدالت نے تحریری دلائل جمع ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا، بعد ازاں ایڈوکیٹ نثار بھنبھرو نے بتایا کہ تحریک انصاف کے رہنما سید طاہر شاہ نے 2018 کے انتخابات میں این اے 206 سکھر 1 سے خورشید شاہ کی کامیابی کیخلاف الیکشن ٹریبونل میں درخواست دائر کی تھی جبکہ ایڈووکیٹ مکیش کمار نے بتایا کہ عدالت نے تحریری دلائل جمع ہونے کہ بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ واضع رہے کہ تحریک انصاف کے امیدوار نے سید خورشید شاہ پر انتخابات میں دھاندلی کرنے اور کاغذات نامزدگی میں اثاثہ جات چھپانے کے الزام کے تحت درخواست دائر کی تھی۔