پشاور ( وقائع نگار )صوبائی دارلحکومت پشاو ر میں ضلعی انتظامیہ نے کوہاٹی کے رہائشی علاقے میں غیر قانونی گوداموں کو سیل کر کے مالکان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کو شکایات موصول ہوئی تھیں کہ کوہاٹی کے رہائشی علاقے میں گھروں کے اندر تجارتی سرگرمیاں زوروشور سے جاری ہیں ڈپٹی کمشنر پشاور نے نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر راؤ ہاشم نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر جنید شاہ کے ہمراہ کوہاٹی کے رہائشی علاقے کا دورہ کیا جہاں پر گھروں کے اندر گودام بنائے گئے تھے جس میں تجارتی سرگرمیاں جاری تھیں۔ انتظامی افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پانچ گوداموں کو سیل کر کے مالکان کو گرفتار کر لیا۔ان گرفتار مالکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے انتظامی افسران کو رہائشی علاقوں کا دورہ کرنے اور ان علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کے بارے میں شکایات ضلعی انتظامیہ پشاور کے کنٹرول روم نمبر 091921138 پر اطلاع دیں۔ آپکی شکایات پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔