کوئٹہ ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے ضلع کوئٹہ کے پریس ریلیز میں کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں جگہ جگہ گندگی ، کوڑا کرکٹ ، نالیوں کے گندے پانی کا بہنا اوراس پر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات پر شدید افسوس کا اظہار کیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آرہی ہے۔ آئے روز ملازمین کے احتجاج ، تنخواہوں کی بندش ، فنڈز نہ ہونے کا بہانہ کرکے کوئٹہ شہر جو کہ لٹل پیرس کہلاتا تھا اب کوڑا دان میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ شہر کے وسطی علاقوں سمیت تمام وارڈز میں گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں ، کچروں کو اٹھانے والا کوئی نہیں جس کے باعث نہ صرف تعفن بلکہ مختلف بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں جس سے علاقہ مکین متاثر ہورہے ہیں ۔ بیان میں کہا گیاکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی انتظامیہ صفائی ستھرائی کیلئے اقدامات اٹھانے پر غیر سنجیدہ لیکن غریب تھڑے والوں ، دکانداروں ، تاجروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس کا مقصد بھتہ خوری ، کرپشن کرنا اور غریب تھڑے والوں کی کمائی اور سامان پر ہاتھ صاف کرنا ہے ، بیان میں کہا گیا کہ تجاوزات کے خاتمے کے نام پر لوگوں کو ان کی حق حلال کی کمائی سے محروم کرنا کسی صورت قبول نہیں ، حکومت پہلے ان افراد کے روزگار اور ٹھکانوں کا متبادل بندوبست کرے ۔بیان میں کہا گیا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اپنی جائیدادوں کی خطیر رقم، لوکل گورنمنٹ کے فنڈز کے باوجود اپنے ملازمین کو کئی مہینے سے تنخواہیں نہیں دے رہی اور صفائی کی ابتر صورتحال کا تمام ملبہ مزدوروں پر ڈالا جارہاہے۔ ملک کے دیگر شہروں میں میں مختلف نجی کمپنیوں کو ٹھیکے دیکر ان سے صفائی کام کام لیا جارہا ہے وہ بہترین طور پر روزانہ کی بنیاد پر اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں ۔بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی انتظامیہ شہر میں صفائی کے بہتر نظام کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھائے اور بلاجوز تجاوزات کے نام پر تھڑے والوں ، غریب دکانداروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ ترک کیا جائے۔