لاہور (نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے عمران خان کے سر سے ہاتھ کھینچ لیا ہے، عمران خان اب عدلیہ کے گھوڑے پر واپس آنے کی کوشش میں ہیں، جنرل (ر) باجوہ اگر سپر کنگ تھے تو آپ کیا تھے؟
سائفر زمان پارک میں دفن ہوچکا، اپنے بچے لندن میں، لوگوں سے کہتے ہیں جیلیں بھرو،آج کہہ رہے ہیںمجھے تو نظر نہیں آرہا امریکہ کی طرف سے سازش ہوئی تھی، رجیم سازش کے بیانیے میں آپ نے امریکا کو با عزت بری کر دیا ،قوم کو اردو میں بتاؤ آپ نے معافی مانگ لی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پارٹی نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف نے لیپ ٹاپ دیے، سستا قرض دیا، مقابلہ پگڑی اچھالنے کا نہیں جوانوں کے لیے کام کا ہے، آپ کے بچے برطانیہ میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، 99 فیصد لوگوں نے شہباز شریف کے دور میں قرض واپس کیے، شہباز شریف نے کالجز یونیورسٹیز میں اسکالر شپ دی، آپ نے جیبیں بھریں، لوگ جیلیں کیوں بھریں۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو آئی ایم ایف کے سامنے بٹھانا چاہیے، اس گھڑی چور کو بٹھانا چاہیے تاکہ قوم کو بتائے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کیا معاہدے کیے، اس کے گھر کی خواتین نے کئی ارب کی چوری کی، ریاست مدینہ میں فتنے کی سزا ہے کہ اسے ختم کر دو، جب یہ حکومت میں تھا تو کہتا تھا جنرل (ر) باجوہ سے اچھا انسان کوئی نہیں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ جو سیاست انہوں نے شروع کی وہ ذہنی مریض بنانے کی ہے، اس کے بیانیے کی موت ہوچکی عمران خان کی نماز جنازہ اور تدفین زمان پارک میں ہونی چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے جھوٹے بیانیے کیلئے لوگوں کو غدار کہا، کہتا ہے جنرل (ر) باجوہ سپر کنگ تھے، اگر وہ سپر کنگ تھے آپ کیا تھے؟ عوام کو بتاؤ کہ آپ نے امریکا سے معافی مانگی، آپ اب بھی صدر پاکستان کے پاس بار بار جاتے ہیں کہ میری ایک دفعہ ملاقات کرادو۔