کراچی ( اسٹاف رپورٹر) لاہور قلندر نے ملک میں ہاکی کے سنہرے دور کو واپس لانے کا پلان پیش کردیا، حکام کا کہنا ہے کہ وہ قومی سطح پر ایک مضبوط سسٹم بناکر دینا چاہتے ہیں، جس سے نئے ٹیلنٹ کو گروم کر کے قومی سطح پر آگے لایا جائے گا، بدھ کو عبد الستار ہاکی اسٹیڈیم میں لاہور قلندر کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا نے وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ کے ساتھ پریس کانفرنس میں پلان کے بارے میں اعلان کیا، عاطف رانا نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کراچی لاہور سیریز سے قبل کراچی کی ٹیم کے لئے 17 فروری کو اوپن ٹرائلز کا انعقاد کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں کیا جائے گا، جس کے بعد لاہور میں ٹرائلز ہونگے، منتخب کھلاڑیوں کو ہائی پرفارمنس سینٹر میں انہیں تربیت فراہم کریں گے، کوشش ہے کہ 22 سے 25 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیمیں بنائیں، منتخب کھلاڑیوں کو تربیت کے لئے بیرون ملک بھیجا جائے گا۔شاہین شاہ آفریدی ہاکی کے لئے لاہور قلندر کے برانڈ ایمبیسڈر کے طور پر کام کریں گے۔ اس موقع پر ارباب لطف اللہ نے کہا لاہور قلندر اور حیدر حسین کا پلان جاننے کے بعد نفع نقصان کا سوچے بغیر قومی کھیل کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا،قومی کھیل کوسب بھول چکے ہیں، لیکن سندھ حکومت نے یاد رکھا ہے،عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم کی تعمیر نو کے لئے پہلے مرحلے میں چالیس کروڑ روپے جاری کرنے کے لئے محکمہ فنانس کو خط لکھ دیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ہاکی لیجنڈ کے ساتھ قومی کھیل کی بحالی کے لئے کام کرنے کا خواہشمند ہوں،لاہور قلندر کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر عاقب جاوید نے کہا کہ ٹیمیں غیر ملکی کوچز سے نہیں سسٹم سے بنتی ہیں، ہاکی کے لئے بہترین کوچز کا انتخاب کریں گے۔ کراچی اور لاہور کے درمیان سیریز امکان ہے کہ عید الفطر کے بعد ہوگی۔