’’ٹائم مینجمنٹ‘‘ منصوبہ بندی کا ایک منظم عمل ہے، جس میں یہ طے کیا جاتا ہے کہ اپنی سر گرمیوں کو مخصوص اوقات میں کس طر ح انجام دینا ہے۔ ٹائم مینجمنٹ کی صلاحیت آپ کو اسمارٹ بناتی ہے۔ اس طرح آپ کم وقت میں بہت سارا کام کرسکتی ہیں۔
اگر آپ کو بہت سا کام کرنا ہے اور وقت کم ہے تو اپنی سرگرمیاں مقررہ وقت میں اس طرح تقسیم کریں کہ آپ کا ہر کام ڈیڈ لائن پر مکمل ہوجائے۔ اس طرح آپ شدید دباؤ کے حالات میں بھی اطمینان سے کام کرنے کی عادی ہوجائیں گی۔ اس سے آپ کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔
ٹائم مینجمنٹ کے فوائد:
دن میں صرف 24 گھنٹے ہوتے ہیں، یعنی سب کے پاس اتنا ہی وقت ہوتا ہے۔ اب فیصلہ آپ کو کرنا ہے کہ آپ اس وقت کو اپنے کاموں کے لیےکس طرح تقسیم کرتی ہیں۔ اسی طر ح آپ گھر کے ضروری کاموں کے علاوہ اور بھی کام کرسکتی ہیں۔
٭…ٹائم مینجمنٹ کے ذریعے آپ وقت کو کنٹرول کرتے ہیں، اس سے آپ کی توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ اگر یہ صلاحیت بہتر ہوتی ہے تو آپ کوئی بھی کام آسانی سے کرسکتے ہیں بلکہ مقررہ وقت سے پہلے کرسکتی ہیں۔
٭…اس سے فیصلہ کرنے کی قوت بڑھتی ہے۔ ٹائم مینجمنٹ کے دوران آپ میں دباؤ سے لڑنے کی طاقت پیدا ہوتی ہے۔ ایسے میں اگر آپ کو کوئی فیصلہ کرنا ہو تو آپ وقت کی مناسبت سے صحیح فیصلہ کرسکتی ہیں۔
٭…ٹائم مینجمنٹ آپ کو ایک کامیاب زندگی گزارنے اور کامیاب کریئر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ اس سے لوگوں کو بھی آپ پر اعتماد ہوتا ہے۔
٭…ٹائم مینجمنٹ سے دباؤ بھی کم ہوتا ہے ،کیوں کہ آپ کو معلوم ہے کہ آپ کو کس وقت کون سا کام انجام دینا ہے۔
٭…ٹائم مینجمنٹ سے زندگی منظم رہتی ہے۔