کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہےکہ بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے ہم بھی غم و غصےکا شکار ہیں، نواز شریف کو مضحکہ خیز عدالتی فیصلے کے تحت نااہل کرکے سیاسی بحران کی بنیاد رکھی گئی، ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے دس سال کا سیاسی و معاشی استحکام چاہئے،عمران خان جنرل باجوہ کی بدخوئی کرتے ہوئے بھول جاتے ہیں کہ وہ خود ان کے قصیدے پڑھا کرتے تھے، بنیادی تعلیم قومی زبان اردو میں ہونی چاہئے ساتھ صوبائی زبانوں کو بھی احترام دیا جائے۔ وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹر مشتاق احمد بھی شریک تھے۔سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ سپریم کورٹ پرویز الٰہی اور جج مظاہر نقوی کی آڈیو لیک کی خود تحقیقات کرے ، پرویز مشرف جیسے متنازع شخص کیلئے پارلیمنٹ میں دعا نہیں کی جاسکتی،عدالتیں اور اسٹیبلشمنٹ اپنا کام کرنے کے بجائے کچھ اور کام کررہی ہیں، ججوں کا یہ حال ہے کہ اپنے خاندان کیلئے پی ایس ایل کے مفت ٹکٹس مانگ رہے ہیں۔میزبان حامد میر نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الٰہی اور سپریم کورٹ کے جج کی آڈیو لیک ہوئی ہے جس میں پرویز الٰہی سپریم کورٹ کے جج کو یار یار کہہ رہے ہیں، آڈیو میں جس محمد خان بھٹی کا ذکر ہورہا ہے وہ جج صاحب کے پاس بیٹھے ہوئے تھے اور انہی محمد خان بھٹی کا کیس پرویز الٰہی انہی جج صاحب کی عدالت میں لگوانا چاہتے ہیں، اس حوالے سے بھی پرویز الٰہی کی آڈیو بھی لیک ہوئی ہے۔