• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روایتی حریف آج مدمقابل، لاہور قلندرز اپنے زور سے کنگز کو زیر کرنے کیلئے پرعزم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)  پاکستان سپر لیگ کی دو روایتی حریف ٹیموں لاہور قلندز اور کراچی کنگز کا ٹاکرا ہونے کو ہے۔ پاکستان سپر لیگ8 میں اتوار کو کراچی کنگز اور دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے درمیان میچ ہوگا۔ قلندرز اپنے زور پر کنگز کو زیر کرنے کیلئے پرامید ہیں۔ میچ کے لئے تماشائیوں اور شائقین میں زبردست جوش وخروش پایا جاتاہے۔ میچ کے ٹکٹوں کے حصول کے لئے جوش وخروش عروج پر ہے۔ ٹورنامنٹ میں لاہور قلندرز نے واحد میچ میں ملتان سلطانز کو ایک رن سے شکست دی ہے  ۔ قلندرز نے ہفتے کو آرام کیا اور کرکٹ کی کوئی سرگرمی نہیں تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پی ایس ایل میں15میچ ہوئے ہیں۔کراچی نے9 اورلاہور نے پانچ میچ جیتے جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا۔ کراچی کنگزکو ٹورنامنٹ میں گذشتہ سال دس میں سے9 میچوں میں شکست ہوئی اس نے واحد کامیابی قلندرز کے خلاف حاصل کی۔ قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ کے بعد کرکٹ پرستار لاہور اور کراچی کا میچ دیکھنے کا انتظار کرتے ہیں، فاسٹ بولنگ کے شعبہ میں لاہور قلندرز کو کراچی کنگز پر برتری حاصل ہے۔ قلندرز کے نوجوان تیز بولر زمان خان نے کہا ہے کہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کا میچ پوری دنیا دیکھتی ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین میچ ہمیشہ ٹف ہوتا ہے۔ قلندرز اور کراچی کے میچ پر سب کی نظریں ہوتی ہیں، شاہین آفریدی اور میتھیو ویڈ کا ٹاکرا دیکھنے والا ہو گا۔

اسپورٹس سے مزید