لاہور(آصف محمود بٹ) پنجاب حکومت نے لاہور میں ہونیوالےپی ایس ایل میچوں کے دوران سیکورٹی، کھانے اور لائٹنگ سمیت دیگرا خراجات کے لئے 50کروڑ روپے سے زائد رقم دینے سے معذرت کر لی ہے۔ ضلعی انتظامیہ لاہور نے محکمہ داخلہ سےصوبائی دارالحکومت میں ہونے والے 9میچوں کے انتظامات کے لئے پہلے 85اور پھر 80کروڑ روپے کی ڈیمانڈ کی تھی ۔ انتہائی معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ اس حوالے سے ہونے والے حالیہ اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شریک چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے پنجاب حکومت کی طرف سے اخراجات میں کٹوتیوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک نیشنل کاز ہے ۔ اخراجات کی فراہمی پنجاب حکومت کی ڈیوٹی ہے۔ اجلاس میں اعلی حکام شریک تھے میں محکمہ داخلہ نے موقف اختیار کیا کہ اس سے قبل لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل میچوں کے دوران ہوٹل سے قذافی سٹیڈیم تک 40 ہزار سے زائد ہیلوجن لائٹس کا استعمال کیا جاتا رہا ہے جس پر بڑے جنریٹر استعمال ہونے کی وجہ سےصرف اس مد کروڑوں روپے کے اخراجات ہوتے رہے ہیں۔ محکمہ داخلہ کے حکام نے موقف اختیار کیا کہ ٹیموں کے روٹ پر 11ہزار 500لائٹس درکار ہیں ۔