پشاور (جنگ نیوز)خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ کی ٹیموں کے درمیان کے مابین ٹی 20میچ سبحان آباد گراؤنڈ تہکال پایاں پشاور میں کھیلا گیا جس میں ٹیم گرین نے ٹیم بلیو کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ ٹیم گرین کی قیادت سیف اللہ خان اور ٹیم بلیو کی ملک حسن زیب نے کی۔ٹیم بلیو کی جانب سے ڈپٹی سیکرٹری امجد علی نے 30 رنز جبکہ خواجہ سکندر اور علی صادق نے بالترتیب 29 اور 24 رنز بنا کر مقررہ 20 اوورز میں 144 تک سکور پہنچا دیا۔ ٹیم گرین کی جانب سے سید ابرار باچا، مسعود رحمان اور عمر فاروق نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں گرین ٹیم نے 145 رنز کا ہدف 14.1اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر باآسانی پورا کر لیا۔ سرتاج خان نے 30 گیندوں پر 48 رنز جبکہ شاہ زیب خان نے 13 گیندوں پر 27 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ احتشام خان نے 31 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ٹیم بلیو کی طرف سے عادل جان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ سرتاج خان کو 48 رنز اور دو سٹمپ کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔آخر میں ایڈیشنل سیکرٹری اسمبلی ہدایت اللہ خان نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں اسمبلی کی آفیشل کٹس تقسیم کیں۔