کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ دلچسپ مقابلے کے بعدچار وکٹ سے جیت لیامیچ کا فیصلہ9گیندیں پہلے ہوگیا۔داسن شناکا16اور وہاب ریاض10رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔زلمی نے تین میچوں میں دوسری کامیابی حاصل کی اور پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔گلیڈی ایٹرز کو تین میچوں میں دوسری شکست ہوئی۔زلمی کے بولروں نے کوئٹہ کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ کو بڑا اسکور کرنے نہیں دیا ۔کوئٹہ کی بیٹنگ لائن دھوکا دے گئی اورپھر بولر بھی اسکور کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔جیمی نشام اور رومین پاول کی اننگز نے میچ کو زلمی کے پلڑے میں ڈال دیا۔بابر اعظم کے آوٹ ہونے کے باوجود پاول نے جیمی نشام کے ساتھ پانچویں وکٹ پر46رنز کی اہم شراکت قائم کی۔نسیم شاہ نے جب وکٹ حاصل کی اس وقت پشاور ہدف سے41رنز دور تھا۔جیمی نشام نے23گیندوں پر37رنز بنائے۔وہ قیص احمد کا شکار بنے ان کی اننگز میں دو چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔محمد حسنین نے اننگز کا17واں اوور میڈن کرایا انہوں نےچار اوورز میں13رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔نسیم شاہ نے چار اوورز میں18رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔محمد نواز نے سب سے خراب بولنگ کی اور3.3اوورز میں47رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےکوئٹہ گلیڈی ایٹرز نےچار وکٹ پر154رنز بنائے۔ پشاور کی اننگز میںمحمد حارث 18رنز بناکر محمد حسنین کا شکار بنے انہوں نے چار چوکے مارے اور9گیندوں کا سامنا کیا۔نوجوان صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے محمد حسنین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ٹام کوہلر9رنز بناکر حسنین کا تیسرا شکار بنے۔فاسٹ بولر نےدو اوورز میں9رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔آٹھویں اوور میں محمد نواز نے کوئٹہ کو بابر اعظم کی قیمتی وکٹ دلوائی۔بابر اعظم نے ریویو بھی لیا لیکن امپائر نے ایل بی ڈبلیو کو درست فیصلہ دیا تھا۔بابر اعظم نے18گیندوں پر19رنز بنانے کے لئے تین چوکے مارے۔نسیم شاہ نے رو مین پاول کو36رنز پر بولڈ کردیا۔انہوں نے23گیندوں کا سامنا کیا ان کی اننگز میںدو چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔قبل ازیں سرفراز احمد اور افتخار احمد نے 50گیندوں پر74رنز کی شراکت قائم کرکے کوئٹہ کو مکمل تباہی سے بچایا۔کپتان سرفراز احمد نے30گیندوں پر39رنز پانچ چوکوں کی مدد سے بنائے۔افتخار احمد نے مخصوص انداز میں اننگز سست روی سے شروع کی اور پھر تیزی سے بیٹنگ کی۔انہوں نے34گیندوں پر پچاس ناقابل شکست رنز بنائے۔انہوں نے چار چھکے اور دو چوکے مارے۔اوڈین اسمتھ نے12گیندوں پر25رنز کی اننگز کھیلی۔اوڈین نےایک چھکاچار چوکے مارے۔قبل ازیںپشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا۔ارشد اقبال نے میچ کا پہلا اوور میڈن کرایا۔پچھلے میچ کے سنچری میکر مارٹن گپ ٹل اور جارح مزاج جیسن رائے کھل کر بیٹنگ کرنے میں ناکام رہے۔گپ ٹل 12رنز بناکر جیمی نیشام کی گیند پر کیچ ہوئے۔جیسن رائے کو عثمان قادر نے14رنز پر بولڈ کردیا۔پچ شروع ہی سے اسپنرز کو مدد دے رہی تھی۔محمد نواز دو رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ساتویں اوور میں 37رنز پر تین وکٹ گر گئےتھے۔پشاور زلمی نے کوئٹہ کے بیٹرز کو دباو میں رکھا۔لیگ اسپنر عثمان قادر نے26رنز کے عوض دو وکٹ حاصل کئے۔جیمی نشام نے28اور ارشد اقبال نے37رنز کے عوض ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔وہاب ریاض کے چار اوورز میں25رنز بنے۔کوئٹہ نے میچ میں عمر اکمل کی جگہ محمد حفیظ کو موقع دیا۔