کوئٹہ(پ ر )عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے ترجمان اخلاق بازئی نے بیان میں کہاہے کہ زبان ایک ایسا سماجی عطیہ ہے جو زمانے کے ساتھ ایک نسل سے دوسری نسل کو ملتا رہتا ہے ۔ اس طرح زبان انسان کی تمام پچھلی اور موجودہ نسلوں کا ایک قیمتی سرمایہ اور اہم میراث ہے۔ زبان ایک ایسے لباس کی طرح نہیں کہ جسے اتار کر پھینکا جا سکے بلکہ زبان تو انسان کے دل کی گہرائیوں میں اتری ہوئی ہوتی ہے۔ یہ خیالات کی حامل اور آئینہ دار ہی نہیں بلکہ زبان کے بغیر خیالات کا وجود ممکن نہیں۔بیان میںکہاگیاکہ انسان کی مختلف شناخت ہوتی ہیں۔ اس کا نام، اس کا خاندانی نام، اس کا قبیلہ، اس کا علاقہ، اس کی قومیت اور اس کا مذہب یہ سب شناخت ہیں اور ہر شناخت اسے عزیر ہوتی ہے۔ ان میں سے ایک بہت طاقتور شناخت وہ زبان ہے جو وہ بولتا ہے، کیونکہ دیگر انسانوں سے رابطہ وہ زبان کے ذریعے رکھتا ہے۔خصوصاً وہ زبان جو اس کا خاندان بولتا ہے اور اس نے پیدائش کے بعد سب سے پہلے وہی زبان سیکھی ہے، اس کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے۔ اس زبان کو اس کی مادری زبان کہتے ہیں۔ صرف اسی زبان میں وہ اپنے خیالات کے اظہار پر مکمل طور پر قادر ہوتا ہے۔