اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گرمیوں میں بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے اور لوڈ مینجمنٹ کے مناسب اقدامات اور حکمت عملی کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے۔ منگل کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت موسم گرما میں بجلی کی ترسیل اور لوڈ مینجمنٹ کے حوالہ سے ایک اہم جائزہ اجلاس یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گرمیوں کے موسم میں بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے اور اس حوالے سے لوڈ مینجمنٹ کے مناسب اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ اس مجوزہ حکمت عملی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تا کہ گرمی کی آمد سے پہلے متعلقہ اداروں کے پاس ایک ٹھوس اور جامع پلان موجود ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ گرمیوں کے مہینوں خصوصاً رمضان المبارک کے دوران کم سے کم لوڈشیڈنگ کی جائے۔ وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ بجلی کی پیدا وار کے حوالہ سے انرجی مکس میں مقامی ایندھن اور متبادل وسائل کا حصہ مسلسل بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے مہنگے درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہو رہا ہے اور درآمدی بل میں بھی خاطر خواہ کمی آ رہی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کو مکمل آپریشنل بنانے کے لئے فی الفور اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے پاور ڈویژن ، پٹرولیم ڈویژن اور دوسرے متعلقہ اداروں کو بجلی کی پیداوار اور لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے ہم آہنگی اور روابط بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔