اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)سپریم کورٹ نے شہباز شریف ہتک عزت کیس میں عمران خان کا حق دفاع ختم کرنے پر تفصیلی فیصلہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کا رویہ نافرمانی والا تھا، عمران خان نے قانونی عمل کا غلط استعمال کیا، اس کیس میں دہرا معیار قائم نہیں کرسکتے۔ہائیکورٹ نے 24 نومبر 2022 کو درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔ سپریم کورٹ نے عمران خان کا حق دفاع ختم کرنے کا ہائیکورٹ اور ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔ 29 دسمبر کو جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عائشہ ملک پر مشتمل سپریم کورٹ کے بنچ نے لاہور میں سماعت کی تھی۔ جسٹس عائشہ ملک نے فیصلے سے اختلاف کیا۔سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ پورے کیس میں عمران خان کا رویہ دانستہ نافرمانی والا تھا، عمران خان نے قانونی عمل کا غلط استعمال کیا، ہم اس کیس میں دہرا معیار قائم نہیں کر سکتے۔ سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ ٹرائل کورٹ نے متعدد مرتبہ عمران خان کو جواب داخل کرنے کا موقع دیا۔