کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ میں سابق چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ٹورنامنٹ میں رہنے کے لئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی مضبوط ٹیم کو شکست دینا ہوگی جمعے کی شام کو نیشنل اسٹیڈیم میں میچ شام سات بجے شروع ہوگا۔ سرفراز احمد کی قیادت میں کوئٹہ کی ٹیم کو ابتدائی چار میں سے تین میچوں میں شکست ہوئی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر اس کا آخری نمبر ہے۔ کراچی میں پانچ میچ کھیلنے کے بعد کوئٹہ کی ٹیم لاہور روانہ ہوجائے گی۔ لاہور میں قلندرز سے میچ کھیلنے کے بعد کوئٹہ کی ٹیم چار میچ پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔ کراچی کنگز بھی پی ایس ایل میں زیادہ مشکلات میں ہےاسے پانچ میں سے چار میچوں میں شکست ہوئی ہے۔کوئٹہ کے منیجر اعظم خان کا کہنا ہے کہ ٹیم کو استحکام دینے کے لئے افغان فاسٹ بولر نوین الحق کراچی پہنچ گئے ہیں۔ گلیڈی ایٹرز نے جمعرات کو سخت گرمی میں ڈھائی گھنٹے پریکٹس کی۔ اعظم خان کا کہنا ہے کہ ٹیم میٹنگ میں ندیم عمر ، معین خاناور سرفراز احمد نے کھلاڑیوں کو ریلکس رہنے کا مشورہ دیا ہے اور نارمل کھیل کھیلنے کے لئے کہا ہے۔ کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم متوازن ہے لیکن ہسرنگا کے آنے سے ہمارا اسپن بولنگ کا شعبہ متاثر ہوا ہے اب بھی ہماری ٹیم کم بیک کرے گی اور ناکامیوں کا ازالہ کریں گے۔ پی ایس ایل پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز ٹاپ پر ہے اس نے پانچ میں سے چار میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔