واشنگٹن (اے ایف پی) امریکی محکمہ دفاع نے اپنے ایک جاسوس طیارے یو ٹو کے پائلٹ کی جانب سے چین کے مبینہ جاسوس غبارے کی لی گئی سیلفی جاری کردی ہے، ان کے مطابق یہ کاک پٹ سیلفی غبارے کو تباہ کئے جانے سے ایک روز قبل لی گئی تھی۔
پینٹاگون کی جانب سے بدھ کے روز جاری کی گئی تصویر میں چینی غبارے کو 3 فروری کو امریکا کے وسطی خطے کے اوپر گزرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، اس کی نشاندہی امریکا کے جاسوس طیارے یو ٹو کے پائلٹ نے کی تھی۔
سفید رنگ کا یہ غبارہ مذکورہ مقام پر معلق دیکھا جاسکتا تھا جبکہ اس کے سولر پینلز بھی نیچے کی طرف سے نظر آرہے تھے جبکہ پائلٹ کا ہیلمٹ بظاہر سامنے کے حصے کی طرف دیکھا جاسکتا تھا۔
امریکا کے ایک ایف بائیس لڑاکا طیارے نے ایک روز بعد اس غبارے کو جنوبی کیرولینا کے ساحل کے قریب نشانہ بنا کر تباہ کردیا تھا جبکہ پینٹاگون کا کہنا ہے کہ یہ غبارہ کئی دنوں سے امریکا کی حدود میں تھا اور اس نے ہماری خودمختاری کی خلاف ورزی کی تھی۔