کلر سیداں (نمائندہ جنگ) سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ نواز ،شہباز کے بچوں کے پیچھے ہاتھ باند ھ کر کھڑا نہیں ہو سکتا، بینظیر بھٹو کیخلاف میاں نوازشریف کا وہ بیانیہ بھی اچھی طرح یاد ہے جس میں انہوں نے اسلامی جمہوری اتحاد کے سربراہ کے طور پر کہا تھا کہ اسلامی معاشرے میں عورت سربراہ حکومت نہیں بن سکتی، یہ بیانیہ نواز شریف بھول سکتے ہیں مگر میں نہیں بھول سکتا۔اگر یہ بیانیہ بینظیربھٹو پر لاگو تھا تو آج مریم نوازشریف پر کیوں نہیں۔نواز شریف اور شہباز شریف کیساتھ تو چل سکتا ہوں مگر ان کے بچوں کے پیچھے ہاتھ باند ھ کر کھڑا نہیں ہو سکتا۔جمعرات کوچک بیلی خان میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ ملک اس وقت تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے جبکہ سیاستدان آپس میں دست و گریبان ہیں۔ملک کی کسی کو فکر نہیں غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں،انشاء اللہ آپ لوگوں کی ووٹوں کی طاقت سے کامیاب ہو کر ترقی کے سفر کو پھر سے شروع کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ میں بکا ہوں نہ کبھی جھکا ہوں، آج کل کے دور میں تو کھوٹے سکوں کا بھی بھاؤ لگ جاتا ہے۔