اسلام آباد (نمائندہ جنگ) یوکرین کے معاملے پراقوام متحدہ کے ہنگامی اجلاس میں پاکستان نے کہا کہ غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، بھارت اقوام متحدہ میں کئی سال سے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر حقائق کے منافی مؤقف دہرارہا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں جواب کا اپنا حق استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مشن کے فرسٹ سیکرٹری جواد اجمل نے کہا کہ بھارت عالمی ادارے کے اس فورم پر کئی سال سے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر حقائق کے منافی اپنا مؤقف دہرارہا ہے۔ جواد اجمل نے کہا کہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی قراردادوںمیں کشمیریوںکوانکا حق خودارادیت تسلیم کرتے ہوئے اسے دلوانے کا وعدہ کر رکھا ہے لیکن بھارت نے دھوکے اور طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوں کو ان کے اس حق سے محروم کر رکھا ہے۔ فرسٹ سیکرٹری نے کہاکہ بھارت نے تمام کشمیری قیادت کو نظر بند کررکھا ہے ،بچوں اورخواتین سمیت ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو غیرقانونی طورپر قید کررکھا ہے ،احتجاج کو طاقت سے روک رکھا ہے اور تمام اطراف کے دیہات کو نظر آتش کردیا ہے۔