اوکاڑہ(نمائندہ جنگ)جماعت اسلامی کے امیر سنیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ شہباز شریف ٹیکسوں کیلئے عوام پر چھری چلا رہے ہیں، پی ڈی ایم ،پی ٹی آئی کی اگلی جگہ ایوان نہیں اڈیالہ جیل ہے،آئی ایم ایف کے لگائے گئے 170ارب کے ٹیکسز پورے کرنے کیلئے شہباز شریف عوام کے گلے پر چھری چلا رہے ہیں، پی ٹی آئی کو دوبارہ ووٹ دیا تو کوئی اور بزدار اور پرویز الٰہی اقتدار میں آ جائے گا،پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی اگلی جگہ ایوانوں میں نہیں اڈیالہ جیل میں ہے،زرداری،بلاول،شہباز شریف، نوازشریف،عمران خان اور مولانا فضل الرحمان جیسے18افراد اگر اپنی زکوۃ ہی دے دیں تو ہمارے قرضے اتر جائیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ میں ”مار گئی مہنگائی“ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب مولانا جاوید قصوری، شوکت چدھڑ،چودھری رضوان ،ملک افضل اعوان، فاروق شیخ،جنید قریشی، خالد فاروق کھچی،سلمان شیخ، راؤ جمیل، رب نواز مسریرہ،ملک احمد حسن راشد ایڈووکیٹ اور دیگر مقامی قائدین نے بھی خطاب کیا،سراج الحق نے کہا کہ ایسا نہ ہو کہ مستقبل میں سانس لینے، ہاتھ ملانے اور بیمار پرسی پر بھی ٹیکس لگ جائے،3ماہ بعد حکمران ایک اور معاشی مصیبت برسانے والے ہیں،عوام آٹے کو ترس رہے ہیں ،مہنگائی مصنوعی ہے،آئی ایم ایف سے قرضہ لینا بیماری کا علاج نہیں ، مجھے ورلڈ بینک کے صدر نے بتایا ہمیں اس طرح زندہ رکھنے کیلئے آئی ایم ایف قرضہ دیتا ہے جیسے گدھے کو زندہ رکھنے کیلئے چارہ دیا جاتا ہے،سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی نے31ہزار ارب جبکہ پی ڈی ایم کی حکومت نے اب تک9ہزار ارب کا قرضہ لیا، آئی ایم ایف قرضہ کے بدلے ایٹمی پروگرام نہ مانگ لے،خواجہ آصف نےقرضہ اتارنے کیلئے 2سو گالف کلب فروخت کرنے کی بات کی لیکن یہ کلب کبھی فروخت نہیں ہوں گےجماعت اسلامی اقتدار میں آ کر مہنگائی کا خاتمہ کرے گی۔ اس موقع پر دعویٰ کیا گیا کہ سٹوڈنٹ ونگ آئی ایس ایف کے ضلعی صدر وقار لشاری نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کر لی ہے، سراج الحق نے وقار لشاری کو گلے میں جماعت اسلامی کا پرچم پہنایا۔