کراچی(اسٹاف رپورٹر) لاہور نے ہوم گرائونڈ پر پہنچتے ہی تماشائیوں کیلئےقذافی اسٹیڈیم میں ’’شاندار قلندرز نائٹ‘‘ سجادی۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے چھکوں چوکوں کی بارش کے دوران شاندار بولنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹ حاصل کئے اور لاہور کو پشاور زلمی کے خلاف با آسانی 40رنز سے شکست دے دی۔ میچ میں پی ایس ایل تاریخ میں سب سے زیادہ اورریکارڈ25 چھکے لگے اور 442رنز بنے ۔ شاہین شاہ آفریدی نے40 رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے۔ شاہین نے پی ایس ایل میں دوسری بار پانچ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ زلمی کی ٹیم241 کے جواب میں 201 رنز 9وکٹ پر بناسکی۔ اتوار کی شب شاہین آفریدی کے پانچ شکاروں میں بابر اعظم کی پرائز وکٹ بھی شامل تھی۔ زلمی کی جانب سے دو نصف سنچریاں بنیں لیکن شاہین کی فائیو اسٹار کارکردگی نے اسے ہدف کے قریب آنے نہیں دیا۔ زمان خان 28 رنز کے عوض دو وکٹ حاصل کئے۔ قلندرز نے چار میچوں میں تیسری کامیابی حاصل کی۔ زلمی نے پانچ میں سے دو میچ جیتے ہیں اسے تیسری شکست ہوئی ہے۔ پشاور کی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوسکا۔ محمد حارث کو دوسری گیند پر شاہین آفریدی نے بولڈ کردیا۔تماشائی شاہین اور بابر اعظم کے مقابلے کو دیکھنے کے لئے بے تاب تھے لیکن پھر ایک گھومتی ہوئی گیند نے بابر اعظم کو بھی حیران کردیا۔ بابر اعظم چھ گیندوں پر سات رنز بناکر بولڈ ہوگئے اور اسٹیڈیم میں سناٹا چھا گیا۔ بابر اعظم نے کہا کہ پریشر میں ہمارے بولروں نے اچھی بولنگ نہیں کی۔ تیسرے اوور میں دوسری وکٹ28 رنز پر گری۔ شاہین شاہ آفریدی نے پہلے اسپیل میں22 رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ اس موقع پر ٹام کوہلر اور نوجوان صائم ایوب نے چارج سنبھالا۔ دونوں نے چوکے چھکوں سے حریف بولروں کو مشکل میں ڈال دیا۔ سکندر رضا اور راشد خان کے ایک ایک اوور میں18،18رنز بنے۔ ٹام کوہلر کیڈ مور 55 رنز 23 گیندوں پر بناکر حارث رئوف کا شکار بنے انہوں نے پانچ چھکے اورتین چوکے مارے۔ صائم ایوب نے دو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 34گیندوں پر51رنز بنائے۔ وہ بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں راشد خان کی گیند پر کیچ ہوئے۔ ٹام کوہلر کیڈ مور اور صائم ایوب نے 44گیندوں پر91رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر تماشائیوں سے بھر ے اسٹیڈیم میں پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیااور تین وکٹ پر241رنز بنائے ۔ فخر زمان چار رنز کی کمی سے سنچری نہ بناسکے۔ انہوں نے45 گیندوں پر96رنز کی اننگز کھیلی ۔ انہوں نے دس چھکے اورتین چوکے مارے۔ عبداللہ شفیق جو ٹیسٹ میچ کھیلنے کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں انہوں نے75 رنز 41 گیندوں پر بنائے۔ عبداللہ نے پانچ چھکے اور پانچ چوکے مارے۔ فخر زمان اور عبداللہ شفیق کے درمیان 69 گیندوں پر 120 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ فخر زمان نےسیم بلگز کے ساتھ 30 گیندوں پر 88 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ سیم بلنگز نے لاہور پہنچنے کے چند گھنٹے بعد میچ کھیلا اور 23گیندوں پر47 ناٹ آئوٹ رنز بنائے انہوں نے تین چھکے اور پانچ چوکے مارے۔ مرزا طاہر بیگ کو پانچ رنز پر وہاب ریاض نے بولڈ کردیا۔ پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعدفخر زمان اور عبداللہ شفیق کی جارحانہ بیٹنگ کے بولروں کے چھکے چھڑا دیئے۔ سات اوورز میں پچاس رنز مکمل ہوئے۔ پہلا میچ کھیلنے والے عبداللہ شفیق نے نصف سنچری 31 گیندوں پر بنائی۔ فخر زمان نے اپنے مخصوص انداز میں بیٹنگ کی اور نصف سنچری 32 گیندوں پر پانچ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے بنائے۔ ڈیوڈ ویزے8رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ فاسٹ بولر وہاب ریاض نے45 رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ سلمان ارشاد نے47 رنز دیے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے۔ جیمی نشام کے تین اوورز میں42 رنز بنے۔