کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ لاہور قلندرز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل میں 110 رنز سے میچ جیتا ، ہمیں 90 رنز پر آؤٹ کرکے آؤٹ کلاس کردیا۔ انہوں نے پہلے بیٹنگ اچھی کی، پھر بولنگ شاندار کی۔ اس میچ کے بعد ہمیں آگے بڑھنا ہے، اس میچ سے ہمیں ضرور مایوسی ہوئی ہے۔ ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا، لاہور قلندرز کا بولنگ اٹیک ورلڈ کلاس ہے، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کے ساتھ ڈیوڈ ویزے نے بھی عمدہ بولنگ کی۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز اچھا تھا لیکن اس کے بعد یکے بعد دیگرے وکٹیں گریں۔ کپتان شاداب خان کے آؤٹ پر بات کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا کہ شاداب خان کے ردِعمل سے لگا کہ گیند نے بلے کو نہیں چھوا لیکن امپائر کا فیصلہ ہے، ہمیں اس کو تسلیم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اعظم خان اور آصف علی امپیکٹ پلیئرز ہیں، یہ پلیئر ہر میچ نہیں جتوایا کرتے۔