اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ،کامرس رپورٹر ) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کرنے کا کوئی امکان نہیں اور جلد موجودہ معاشی بحران پر قابو پر کر پاکستان کو ایک مضبوط معیشت بنایا جائے گا، پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں،انہوں نے کہا کہ ایل سیز کے معاملے پر وزیر خزانہ سے بات کی ہے اور ضروری مینوفیکچرنگ اشیاء کی درآمد میں تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنے کیلئے یہ مسئلہ جلد حل کر لیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے لہذا حکومت کو ان کی مشاورت سے کاروباری اور اقتصادی پالیسیاں تشکیل دینی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سی ڈی اے بورڈ میں آئی سی سی آئی کی نمائندگی کی حمایت کریں گے اور اگر رولز نے اجازت دی تو وہ آئی سی سی آئی کے اراکین کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں میں مدعو کریں گے۔ چارٹر آف اکانومی کے سلسلے میں چیمبر کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر میں ”آئی سی سی آئی بزنس رول ماڈلز ایوارڈز“ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ تاجر برادری وفاقی دارالحکومت کی ترقی میں کلیدی اسٹیک ہولڈر ہے لہذا ان کے مسائل کے بہتر حل کیلئے چیمبر کو سی ڈی اے بورڈ میں نمائندگی دی جائے، چیمبر کو قومی اسمبلی کی بزنس سے متعلق قائمہ کمیٹیوں میں مدعو کیا جانا چاہیے۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فہد وحید نے مطالبہ کیا حکومت خطے میں ایک نیا انڈسٹریل زون قائم کرنے میں چیمبر کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔چیمبر کے گروپ لیڈر اور سابق صدر خالد اقبال ملک نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے معاشی پالیسیاں بنائی جائیں اور انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے زمین فراہم کی جائے۔ ادھر پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پاک ہنگری فرینڈ شپ گروپ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کو ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کا موقع ملتا ہے۔دونوں ممالک کی پارلیمنٹس کے درمیان پارلیمانی دوستی گروپ کا قیام ایک اہم پیشرفت ہے۔ انہوں نے ہنگری کی حکومت کے پاکستانی نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں بڑی تعداد میں سکالرز شپ فراہم کرنے کے اقدام کو سراہا۔ ہنگری کے سفیر بیلا فازیکاس نے کہا بلاول بھٹو زرداری پچھلے چالیس سالوں کے دوران ہنگری کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیر خارجہ ہیں۔