کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلش کرکٹر ایلیکس ہیلز پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لئے اسلام آباد پہنچ گئے جبکہ کراچی کنگز کے انگلش اوپنر جیمز ونس ٹورنامنٹ کے چھ میچوں کے بعد انگلش ٹیم کو جوائن کرنے ڈھاکا روانہ ہوگئے ہیں۔ ایلیکس ہیلز پی ایس ایل 8میں اسلام آباد یونائٹیڈ کی نمائندگی کریں گے۔ ٹاپ آرڈر بیٹر اگلے میچز میں یونائٹیڈ کو سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گے۔ کراچی کنگز نے جیمز ونس کی جگہ ایڈم روسنگٹن کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ جیمز ونس بنگلہ دیش گئے ہیں جہاں وہ انگلش ٹیم کو جوائن کریں گے۔ وہ قومی ٹیم کے میچ کھیلنے کے بعد سات مارچ کو دوبارہ کراچی کنگز کو جوائن کریں گے۔ پشاور زلمی کے آل راؤنڈرسری لنکا کے داسن شناکا انٹر نیشنل کمٹمنٹ کے لئے چلے گئے ہیں۔ کوئٹہ نے سپلیمنٹری پک کی حیثیت سے یاسر خان کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد یونائٹیڈکی ٹیم پی ایس ایل کے بقیہ میچز کیلئے اسلام آباد پہنچ گئی ۔ وہ ہوم گراؤنڈ پر اگلے پانچ میچز کھیلے گی۔ اس کا تین مارچ کو کراچی کنگز سے مقابلہ ہوگا۔