کوئٹہ (خ ن)عالمی یوم شہری دفاع کی مناسبت سے دنیا بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی صوبائی ہیڈکوارٹر محکمہ شہری دفاع میںسیمینار کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور ڈاکٹر محمد کاشف تھے ،اسٹیج سیکرٹری کے فرائض گل جان سابق کرائسز مینجمنٹ آفیسرنے سرانجام دئیے۔ ڈائریکٹر سول ڈیفنس رفوجان مندوخیل نے شہری دفاع کی تاریخ ، افادیت اور معاشرے میں اس کے کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے شرکاء کو محکمہ کے تمام سیکشنز کا تعارف کرایا اور ان کی کارکردگی اور درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے افسران،اہلکار اور رضاکار ہر قدرتی اور غیر قدرتی آفت زلزلہ ، سیلاب ،بم دھماکہ وغیرہ میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات انجام دیتے ہیں بالخصوص عالمی وبا کورونا کے دوران ہمارے اہلکاروں اور رضاکاروں کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد کاشف نے خطاب کرتے ہوئے محکمہ کی کارکردگی کو سراہا اور محکمہ کے رضاکاروں اور اہلکاروں کو ان کی گرانقدر خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ۔آخر میں ڈائریکٹر سول ڈیفنس رفو جان مندوخیل نے نمایاں کارکردگی کے حامل افسران ، اہلکاروں اور رضاکاروں میں شیلڈز اور زیر تربیت اہلکاروں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔