راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی ڈویژن میں ساتویں خانہ و مردم شماری شروع ہو گئی۔ کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے لیاقت روڈ پر واقع آئی ایف جی ایف چرچ کی بیرونی دیوار پر گھرانہ نمبر لگا کر افتتاح کیا۔ راولپنڈی ڈویژن کو 32اضلاع میں تقسیم کیا گیا ہے جہاں 5ہزار کا عملہ ڈیوائسز کی مدد سے مردم و خانہ شماری کریگا۔ کمشنر نے کہا کہ مردم شماری فیلڈ سٹاف کو باقاعدہ یونیفارم دی گئی ہے۔ مردم شماری کیلئے سی این آئی سی سمیت کسی دستاویز کی ضرورت نہیں ہوگی۔ شہری ٹال فری نمبر 080057574پر رابطہ کر کے بھی تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں۔