• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی مشکلات کا سبب کچھ ترقی یافتہ ملکوں کی معاشی پالیسیاں ہیں، امیر ممالک مدد کریں، چین

کراچی (نیوز ڈیسک) چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے کہا ہے کہ پاکستان کی مشکلات کا سبب کچھ ترقی یافتہ ملکوں کی معاشی پالیسیاں ہیں، امیر ممالک اسلام آباد کی مدد کریں ، چینی وزارت خارجہ کے مطابق اپنی روزانہ پریس بریفنگ کے دوران ترجمان ماؤ ننگ نے کہا کہ چین پاکستان کے معاشی اور سماجی استحکام کی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لئے تمام فریقوں سے مشترکہ کوششوں کا مطالبہ کرتا ہے،مالیاتی ادارے اور قرض دینے والے ممالک پاکستان کی معاشی صورتحال میں مدد کریں، تمام فریق پاکستان کیلئے ’مثبت‘ کردار ادا کریں۔چینی دفتر خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے امریکا کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ ایک مخصوص ترقی یافتہ ملک کی بنیاد پرست پالیسیاں پاکستان سمیت ترقی پذیر ملکوں کی مالی مشکلات کا باعث ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے اسٹریٹجک اور تعاون پر مبنی شراکت دار اور آئرن برادر ہیں۔ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں ساتھ رہے ہیں اور ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے،چین پاکستان کے ساتھ قریبی اقتصادی اور مالی تعاون کرتا رہا ہے اور اقتصادی استحکام برقرار رکھنے، طرز زندگی کو بہتر بنانے اور خود ساختہ ترقی کے حصول کے لئے اس کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ ان سے سوال کیا گیا کہ عالمی ریٹنگ ایجنسیز موڈیز اور فچ کا کہنا ہے کہ جون تک پاکستان پر 7 ارب ڈالر کا قرض واجب الادا ہے جس میں چین کے قرضے بھی شامل ہیں، تو کیا ان قرضوں کو موخر کردیا جائے گا، اس پر ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ ’میں اس پر تفصیلات کے لئے آپ کو چینی اعلیٰ حکام سے رجوع کرنے کا کہوں گی‘۔ماؤ ننگ نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک پر سب سے زیادہ قرضوں کا بوجھ مغربی زیر غلبہ تجارتی قرض دہندگان اور کثیر الجہتی مالیاتی اداروں کا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے معاشی اور سماجی استحکام کی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لئےتمام فریقوںسے مشترکہ کوششیں کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید