لاہور (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ میں مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو درپیش گھمبیر مسائل کے حل کے لیے عوام سے فیصلہ لینا ہوگا، پورے ملک میں بیک وقت قومی انتخابات کی حمایت کرتے ہیں،11 ماہ کی کارکردگی زیرو ،ملک مہنگائی، بدامنی کی لپیٹ میں ہے۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن عامہ کی صورتحال اور تنظیمی امور کا جائزہ لیا گیا۔سراج الحق نے الیکشن کمیشن سے کراچی کے بلدیاتی انتخابات فی الفور مکمل کرنے کا مطالبہ دہرایا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ کراچی کے عوام کے مینڈیٹ کے مطابق شہر کا میئر جماعت اسلامی کا ہوگا۔ انہوں نے حکومت سے گوادر کو حق دو تحریک کے رہنما مولانا ہدایت الرحمان اور ان کے دیگر بے گناہ ساتھیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ سراج الحق نے کہا آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کو لاگو کرنے سے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے، مرکزی حکومت کی گزشتہ گیارہ ماہ کی کارکردگی زیرو ہے۔