راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)بولنگ لائن کی شاندار کارکردگی کے باعث لاہور قلندرز نے قذافی اسٹیڈیم میں ایک اور معرکہ سرکرتے ہوئے ملتان سلطانز کے خلاف میچ21 رنز سے جیت کر پی ایس ایل کے پلے آف میں کوالی فائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔راشد خان نےچار اوورز کے اسپیل میں بغیر کوئی چوکا کھائے15رنز دیئے اور تین وکٹ حاصل کر کے ملتان کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ ملتان کی ٹیم سا ت وکٹ پر159رنز بناسکی ۔ہفتے کی شب فل ہاوس اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپین قلندرز نے لاہور میں مسلسل چوتھا اور ٹورنامنٹ میں لگاتار پانچواں میچ جیت کرایک اور بڑی کامیابی حاصل کی۔قلندرز نے سات میچوں میں چھٹی کامیابی حاصل کرکے نمبر ایک پوزیشن برقرار رکھی ۔ملتان سلطانزکو ساتویں میچ میں تیسری شکست ہوئی ہے اس نے چار میچ جیتے ہوئے ہیں۔کیرون پولارڈ نے28گیندوں پر39رنز کی اننگز کھیلی اس اننگز کے دوران پولارڈ نے ٹی ٹوئینٹی میں12ہزار رنزاور 800چھکے مارنے کا سنگ میل عبور کرلیا۔شاہین شاہ مسلسل تیسرے میچ میں وکٹ نہ لے سکے لیکن ان کی بولنگ کفایتی رہی۔چار اوورز میں29رنز دیئے۔محمد رضوان اور شان مسعود نے پہلی وکٹ پر48رنز بنائے اس موقع پر شان مسعود ایک اور بڑی اننگز نہ کھیل سکے۔19رنز بناکر وہ شاہین کے ہاتھوں زمان خان کی گیند پر کیچ ہوئے۔شاہین اور حارث پہلے اسپیل میں وکٹ نہ لے سکے ایسے میں اسپنرز نے ملتان کو اوپر تلے تین نقصان پہنچائے۔محمد رضوان سکندر رضا کی گیند پر 30رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوئے انہوں نےریویو کے ذریعے اپنی وکٹ کھوئی۔انہوں نے27گیندیں کھیلیں ایک چھکا اور دو چوکے مارے۔اسامہ میر کو تیسرے نمبر پر پروموٹ کیا گیا تھا وہ خطرناک نظر آرہے تھے اس موقع پرراشد خان نے انہیں بولڈ کردیا۔اسامہ نے17رنز11گیندوں پر بنائے۔ڈیوڈ ملر کو راشد خان نے ریویو کے ذریعے ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا۔وہ ایک رن بنا سکے۔راشد نے تیسرے اوور میں رائیلی روسو کو 12کے انفرادی اسکور پر بولڈ کردیا۔87رنز پر ملتان کی آدھی ٹیم آوٹ ہوگئی۔آخری پانچ اوورز میں76رنز کی ضرورت تھی۔خوش دل شاہ دس رنز بناکرحارث روف کو چھکا مارنے کی کوشش میں کیچ ہوئے۔قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ان کی ٹیم نے 9وکٹ پر180رنز بنائے۔ ڈیوڈ ویزے 12گیندوں پر15رنز بناکر نا ٹ آوٹ رہے۔سیم بلنگز54اور عبداللہ شفیق48رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔عبداللہ شفیق نے مرزا طاہر بیگ کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے پچاس رنز کا اضافہ کیا۔عبداللہ اور سیم بلنگز نے اننگز کی سب سے بڑی پارٹنر شپ میں چوتھی وکٹ کے لئے46گیندوں پر69رنز کا اضافہ کیا۔پندرہویں اوور میں140رنز پر چار وکٹ گرنے کے بعد اختتامی اوورز میں رنز زکی رفتار میں کمی آئی۔انور علی نےحسین طلعت اور راشد خان کو ایک اوور میں آوٹ کیا۔ثمین گل نے قلندرز کو پہلا نقصان پہنچایا جب فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوگئے۔طاہر بیگ نے17رنز تین چوکوں کی مدد سے بنائے۔پولارڈ نے قلندرز کی بیٹنگ کو سب سے بڑے نقصان پہنچائے۔عبداللہ شفیق کاٹ اینڈ بولڈ ہوگئے۔انہوں نے35گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکا اور چھ چوکے مارے۔ٹاپ اسکورر سیم بلنگز ایل بی ڈبلیو ہوئے انہوں نے 35گیندیں کھیلیں،دو چھکے اور چھ چوکے مارے۔پولارڈ نےدو اوورز میں16رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔کوئٹہ کے میچ کے ہیرو سکندر رضا کی وکٹ احسان اللہ کو ملی۔نو جوان فاسٹ بولر نےچار اوورز میں33رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔محمد رضوان نے بہت اچھی کپتانی کی انور علی نے21رنز کے عوض دو وکٹ حاصل کئے۔عباس آفریدی نے شاہین اور حارث کی وکٹیں حاصل کیں انہوں نےتین اوور ز میں25رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ثمین گل کو ایک وکٹ ملی۔