• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PSL، سفر جاری رکھنے کیلئے کوئٹہ کو آج سخت چیلنج کا سامنا، یونائیٹڈ کو ہرانا لازمی

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)پاکستان سپر لیگ میں سابق چیمپئن کوئٹہ کو ٹورنامنٹ میں رہنے کے لئے اتوار کو اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دینا ہوگا۔کراچی کنگز کو شکست دینے کے بعد اسلام آباد کے حوصلے بلند ہیں۔پنڈی اسٹیڈیم میں شام سات بجے ٹورنامنٹ میں ایک اور کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ میں اعظم خان نے97 رنز بناکر کوئٹہ کو جیت سے دور کردیا تھا۔کوئٹہ کی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔اس نے چھ میں پانچ میچ جیتے ہیں اور واحد کامیابی کراچی کنگز کے خلاف حاصل کی ہے۔اسلام آباد یونائیٹیڈ کے اعظم خان کی فارم اس وقت تمام تر توجہ کا مرکز ہے۔اسلام آباد نے چھ میں سے چار میچ جیتے ہیں اور اسے دو میچوں میں شکست ہوئی ہے۔کوئٹہ کے ہیڈ کوچ معین خان کہتے ہیں کہ اب بھی ہم ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوئے ہیں۔اگلے چار میچ جیت کر پلے آف میں کوالی فائی کرسکتے ہیں۔معین خان نے اعتراف کیا کہ ہم نے ٹورنامنٹ میں اچھی کرکٹ نہیں کھیلی۔لاہور قلندرز کے خلاف ہم آسانی سے جیت سکتے تھے لیکن راشد خان کے دباو میں آکر ہم جیتا ہوا میچ ہار گئے۔ہمیں اپنی غلطیوں کو بہتر کرنا ہوگا اور بے خوف کرکٹ کھیلنا ہوگی۔معین خان نے کہا کہ ہمارے بیٹسمین خارب اسٹروکس کھیل کر آوٹ ہوئے پھر بولروں نے بھی کارکردگی سے انصاف نہیں کیا۔ٹی ٹوئینٹی کرکٹ جارحانہ کرکٹ کی وجہ سے جانی جاتی ہے ہمارے بیٹرز جہاں دفاعی ہوئے حریف ٹیمیں ہم پر حاوی ہوگئیں۔اب بھی ہم ٹورنامنٹ میں اچھا کھیل کر اپنی ناکامیوں کا ازالہ کرسکتے ہیں۔معین خان نے کہا کہ ہمیں اپنی بیسک چیزوں کو درست کرکے آگے بڑھنا ہے۔لیکن ایک اور شکست سے مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔

اسپورٹس سے مزید