• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فہیم اشرف کی فتح گر اننگز، یونائیٹڈ کو پلے آف میں پہنچا دیا، کوئٹہ کو پھر شکست

راولپنڈی (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) فہیم اشرف نے اوڈین اسمتھ کے آخری اوور کی پہلی تین گیندوں پر چوکے مارکرتین گیند پہلےاسلام آباد کو کوئٹہ کے خلاف دووکٹ سے کامیابی دلوادی۔ انہوں نے31گیندوں پر 39ناقابل شکست فتح گر رنز بنائے۔ جس میں چھ چوکے شامل تھے۔ اعظم خان نے اپنے انداز کے برعکس میچ وننگ اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو بظاہر مشکل دکھائی دینے والی جیت کو آسان کردیا۔ اعظم خان نے25گیندوں پر35رنز بنائے جس میں دو چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر لاہور قلندرز کے ساتھ پلے آف میں جگہ بنالی۔ اعظم خان نے ٹورنامنٹ میں دو برق رفتار اننگز کھیلیں لیکن کوئٹہ کے خلاف اتوار کی شب پنڈی اسٹیڈیم میں ان کی اننگز ابتدا میں محتاط دکھائی دی ۔ اعظم اور فہیم اشرف کے درمیان58رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ اسلام آباد نے آٹھ میچوں میں پانچویں کامیابی حاصل کی۔ کوئٹہ کو سات میچوں میں چھٹی شکست ہوئی اس نے ایک میچ جیتا ہے وہ بدستور آخری نمبر پر ہے۔ عمید آصف نے37رنز کے عوض چار وکٹ حاصل کئے۔ محمد نواز نے نصف سنچری بنانے کے علاوہ17رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نسیم شاہ نے28رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اسلام آباد کی اننگز میں رحمن اللہ گربازبغیر کوئی رن بنائے نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ایلکس ہیلز اور کولن منرو نے52رنزکی شراکت 25گیندوں پر قائم کی۔ ایلکس ہیلز12رنز بناکرنوین الحق کی گیند پر کیچ ہوئے۔ پچاس رنز17گیندوں پر بنے۔ کولن منرو29 گیندوں پر63رنز کی اننگز کھیل کر میچ کو یکطرفہ بنانے کی کوشش کی۔ ان کی اننگز میں چار چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔ محمد نواز ان کی وکٹ لے کر اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔ شاداب خان8رنز بناکرافتخار احمد اور مبصر خان پانچ رنز بناکر عمید آصف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ایک سو رنز53گیندوں پر بنے۔ آصف علی چھ رنز بناکر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ آخری 30گیندوں میں جیت کے لئے47رنز درکار تھے۔اعظم نے اپنا پہلا چوکا17ویں گیند پر مارا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ۔17رنز پر چار وکٹ گرنے کے بعد کوئٹہ نے زبردست کم بیک کیا اورچھ وکٹ پر179رنز بنائے۔ ول اسمیڈ پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے فضل الحق فاروقی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ یاسر خان بھی فضل الحق فاروقی کی گیند پر کیچ ہوئے۔ سرفراز احمد ون ڈاؤن پر بیٹنگ کرنے آئے لیکن مبصر خان نے فہیم اشرف کی گیند پر باؤنڈری لائن پر ناقابل یقین کیچ لے ان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ وہ تین رنز بناسکے۔ افتخار احمد دو رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ ہوئے۔ چار وکٹیں جلدگرنے کے بعد افغانستان کے نجیب اللہ زدران اور محمد نواز نے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے 64 گیندوں میں 104 رنز کی شراکت قائم کی ۔ نجیب نے نصف سنچری اسکور کی جبکہ محمد نواز نے بھی ففٹی اسکور کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 52رنز بنائے۔ نواز کے آؤٹ ہونے کے بعد عمر اکمل کی میدان میں آمد ہوئی جنہوں نے آتے ہی چھکا لگا کر اپنے جارحانہ عزائم کا اظہار کردیا۔ نجیب 34 گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد رومان رئیس کی وکٹ بنے۔ عمر اکمل نے صرف 14 گیندوں پر پانچ چھکوں اور دو چوکوں سے 43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی ، آخری پانچ اوورز میں65رنز بنے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کیلئے فہیم اشرف اور فضل الحق فاروقی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اسپورٹس سے مزید