کوئٹہ(خ ن)سبی میلہ میں دیگر سرکاری محکموں کی طرح بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے بھی خصوصی اسٹال لگایا گیا۔ تاریخی سبی میلہ میں بی ایف اے کا انفارمیشن ڈیسک لوگوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا رہا۔انفارمیشن ڈیسک کا مقصد صحت بخش خوراک و فوڈ سیفٹی کی اہمیت اور ناقص کھانے پینے کی اشیاء بارے عوام کو آگاہ کرنا تھا۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ سبی کا تاریخی میلہ اہمیت کا حامل ہے جو مختلف ادوار میں سرکاری اداروں اور عوام کے درمیان رابطہ کا بہترین ذریعہ رہا ہے ۔خوراک کے معیار کی اہمیت اور فوڈ سیفٹی کلچر کے فروغ کے پیش نظر سبی میلہ میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے پہلی بار شرکت کی ، بی ایف اے کے اسٹال کے توسط سے فوڈ سیفٹی سے متعلق لوگوں کو آگاہی دینے کے علاوہ فری ملک ٹیسٹنگ کی سہولت بھی دی گئی ۔