• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران، گرفتاری روکنے کی درخواست خارج، جان بوجھ پر پیش نہیں ہوئے، توشہ کیس میں سیشن عدالت سے وارنٹ منسوخ کرنے کی استدعا مسترد

اسلام آباد، لاہور( نمائندہ جنگ،ایجنسیاں) اسلام آباد کی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ عمران خان کے ناقا بل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رہیں گے، عدالت نے انہیں آج ہر صورت پیش ہونے کا حکم دیا ہے

 ادھر ممنوعہ فنڈنگ کیس میں نیب کی ٹیم سابق وزیر اعظم عمران خان کو طلبی کا نوٹس دینے کیلئے زمان پارک پہنچی، پی ٹی آئی نے نیب کا نوٹس وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے.

 نیب کی ٹیم مسلسل انتظار کرنے کے بعد زمان پارک سے واپس روانہ ہو گئی، جبکہ لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے عمران خان کی توشہ خانہ کے مقدمہ میں حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پر اعتراض عائد کر دیا۔

 عمران خان کے وکلا نے اسلام آباد کی سیشن عدالت سے جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کیلئے عدالت میں درخواست دائر کی.

 اسلام آباد کی عدالت نے عمران خان کی جانب سے دائر درخواست پر 7 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سناتے ہوئے درخواست کو خارج کردیا

ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے چیئرمین تحریک انصاف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو برقرار رکھا ہے،عدالت نے اس کیس میں عمران خان کو آج طلب کر رکھا ہے۔

 دوسری جانب عمران خان کے وکیل کا کہنا ہےکہ وہ عدالت کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے

 تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان کے وکیل کے مطابق 28 فروری کو عمران خان نے سیشن عدالت پیش ہونا تھا اور 28 فروری کو اسلام آبادہائیکورٹ اور جوڈیشل کمپلیکس میں بھی پیشی تھی،فیصلے میں مزید کہا گیا کہ عمران خان کے وکیل کے مطابق وہ عدالت میں عدم پیشی کا سوچ بھی نہیں سکتے.

 وکیل کے مطابق عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اور ان پر ایک قاتلانہ حملہ ہوچکا، وکیل کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے باعث عمران خان سیشن عدالت پیش نہیں ہوپائے، عمران خان نے سیشن عدالت کا فیصلہ کسی اعلیٰ عدلیہ میں چیلنج نہیں کیا۔

واضح رہےکہ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے 28 فروری کو توشہ خانہ سے متعلق فوجداری کیس میں عدم حاضری پر عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے تھے.

اس روز چیئرمین تحریک انصاف پر کیس میں فرد جرم عائد کی جانی تھی لیکن وہ عدالت میں طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئے،اس وارنٹ کا نوٹس دینے کل اسلام آباد پولیس زمان پارک لاہور گئی تھی جہاں پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس کے درمیان بدنظمی ہوئی۔

 دوسر ی طرف لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے عمران خان کی توشہ خانہ کے مقدمہ میں حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پر اعتراض عائد کر دیا،رجسٹرار آفس نے عدالتی فیصلے کی پڑھی جانے کے قابل صاف نقول لف نہ کرنے کا اعتراض عائد کیا ، رجسٹرار آفس نے صاف نقول حفاظتی ضمانت کی درخواست کے ہمراہ لف کرنے کی ہدایت کی

 اعتراض میں کہا گیا کہ عمران خان کیخلاف اسلام آباد میں دہشت گردی کے تحت دو مقدمات درج ہیں، اسی کیس میں میاں اسلم اقبال ،حماد اظہر اور فرح حبیب کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے ،عمران خان سمیت دیگر پر اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

 ادھر قومی احتساب بیورو کی دو رکنی ٹیم چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیر اعظم عمران خان کو منی لانڈرنگ کیس میں نوٹس وصول کرانے زمان پارک پہنچ گئی تاہم نیب کی ٹیم کو عمران خان کے گھر تک رسائی نہ مل سکی۔

اہم خبریں سے مزید