• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عظمیٰ صدیقی

آج کل کے بچے چکن زیادہ پسند کرتے ہیں۔ ان کی ہر وقت ایک ہی فر مائش ہوتی ہے کہ چکن کی کوئی اچھی سی ڈش بنالیں۔ اس ہفتے ہم آپ کو چکن کی مختلف ڈشز کی تراکیب بتا رہے ہیں۔ ان کو آزما کر خود بھی مزے سے کھائیں اور بچوں کو بھی کھلائیں۔

……قصوری مرغ……

اجزا: چکن آدھا کلو ،پیاز دوسے تین عدد، ثابت لال مرچ نو سے دس عدد ،ٹماٹر دو عدد، ادرک ،لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ ،دہی ایک کپ ،پسی ہوئی ہلدی آدھا چائے کا چمچہ ،پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، نمک حسب ِضرورت، زیرہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ ،ہری مرچیں دو سے تین عدد ،پسا ہواگر م مسالہ ایک چائے کا چمچہ ،میتھی ایک کپ۔

ترکیب : ایک بڑے برتن میں تیل گرم کریں اس میں پیاز ڈال کر براؤن ہونے تک بھونیں۔ اب اس میں ثابت لال مرچیں اور کٹے ہوئے ٹماٹر ڈال کر مکس کرلیں اور پانچ منٹ تک چمچہ چلائیں۔ اب اس میں چکن ڈال لیں ،پھر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ملائیں اور پانچ منٹ تک اچھی طرح مکس کریں۔ اب اس میں دہی ڈالیں ، اس کے بعد ہلدی ،لال مرچ، نمک اور پسا ہوا زیرہ ڈال کر اچھی طرح مکس کرکے ڈھک کر 10 منٹ تک دم دیں۔ اب اس میں ہری مرچیں ،گرم مسالہ اور خشک میتھی ڈال کر اچھی طر ح پکائیں۔ آخر میں ہر ادھنیا چھڑک کر 2 منٹ تک دم دیں ۔مزیدار قصوری مرغ تیار ہے۔

……اچاری چکن ……

اجزا: چکن(بون لیس) آدھا کلو، پیاز دو عدد (باریک چوپ کرلیں)، لہسن ،ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ،کڑھی پتے 10 عدد، ہری مرچیں 4 عدد(باریک چوپ کرلیں)، املی کا رس دو کھانے کے چمچے، سونف کٹی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ، کلونجی ایک چوتھائی چائے کا چمچہ ،پسی ہوئی ہلدی چوتھائی چائے کا چمچہ ،مکس اچار (چوپ کیا ہوا)دو کھانے کے چمچے ،تیل حسب ضرورت۔

ترکیب : دیگچی میں تیل گرم کر کے پیاز فرائی کرلیں ۔سنہری ہو جائے تو اس میں کڑھی پتے ،چکن اور لہسن ادرک کا پیسٹ ڈال کر فرائی کرلیں ،پھر کٹی ہوئی لال مرچیں ،نمک اور ہلدی ڈال کر فرائی کرلیں۔ اس کے بعد اس میں کٹی ہوئی سونف ،تل کٹا ہوا زیرہ ،کلونجی ،خشخاش ،املی کا رس اور آدھا کپ پانی ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ تیل الگ ہوجائے ،پھر مکس اچار اور ہری مرچیں ڈال کر دم پر رکھ دیں ۔نان کے ساتھ مزے سے کھائیں۔

……تندوری چکن ……

اجزا: چکن آدھا کلو، دہی ایک کپ ، پسی ہوئی ہلدی آدھا چائے کا چمچہ، نمک حسب ضرورت ، پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ, لیموں ،ہری مرچ اور ہرا دھنیا گارنش کے لیے، تیل آدھی پیالی, زردے کا رنگ ایک چٹکی، کوئلہ کا ایک ٹکڑا (دھواں دینے کے لیے)

ترکیب: چکن کو دھو کر رکھ دیں۔ اس کے بعد ایک پیالے میں دہی نکال لیں اور اس میں ہلدی ،نمک، پسی لال مرچ،گرم مسالہ ،ادرک لہسن کا پیسٹ اور تھوڑا سازردے کا رنگ شامل کرکے چکن پر لگا کر20-25 منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اب ایک پتیلی میں تیل گرم کریں اور مسالہ لگی مرغی کا گوشت ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب گوشت گل جائے تو اس میں کوئلہ دہکا کر دھواں دیں اور لیموں، ہری مرچ اور ہرے دھنیے سے گارنش کریں اور گرما گرم نان کے ساتھ تناول فرمائیں۔