بیجنگ،اسلام آباد (صباح نیوز) شی جن پنگ تیسری مدت کیلئے بلا مقابلہ چین کے صدر منتخب ہو گئے ہیں،ہان زینگ کو نائب صدر منتخب کر لیا گیا ، شہباز شریف نے شی جن کو مبارکباد دی ہے۔ پارلیمنٹ نے شی جن کے دو دیرینہ ساتھیوں اور سابقہ ٹیم کا حصہ ہان زینگ کو نائب صدر اور ژاو لیجی کو پارلیمنٹ کا چیئرمین منتخب کر لیا ، خبررساں ایجنسی کے مطابق چین کی نیشنل پیپلز کانگریس (پارلیمنٹ) کے اجلاس میں چین کے نئے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔ صدر شی کے خلاف صدارت کے لیے کوئی امیدوار مدِ مقابل نہیں تھا۔ اس لئے یہ کارروائی رسمی تھی، 15 منٹ میں ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہوگیا۔گزشتہ برس اکتوبر میں چین کی برسراقتدار جماعت کمیونسٹ پارٹی کے اجلاس میں سی جن پنگ تیسری مرتبہ پارٹی کے جنرل سیکریٹری منتخب ہوگئے تھے ، اس لئے یہ بات یقینی تھی کہ وہی آئندہ 5 برس کے لئے چین کے صدر بھی ہوں گے۔پارلیمنٹ نے شی جن پنگ کے دو دیرینہ ساتھیوں ژاو لیجی کو پارلیمنٹ کا چیئرمین اور ہان زینگ کو ملک کا نائب صدر منتخب کر لیا ہے۔ دونوں رہنما صدر شی کی سابقہ ٹیم کا حصہ ہیں۔واضح رہے کہ انقلاب کے بعد ماوزے تنگ کے بعد صدر شی کو چین کی تاریخ کا سب سے طاقت ور حکمران سمجھا جاتا ہے۔ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے شی جن پنگ کو تیسری بار چین کا صدر منتخب ہونے مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے عوام اور پارلیمنٹ کا اعتماد ان کی غیرمعمولی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔