پشاور( وقائع نگار)صوبائی دارالحکومت میں کلین اینڈ گرین پشاور مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنرپشاور شاہ فہد کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنیہ صافی، ڈبلیو ایس ایس پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیت پشاور کی تحصیلوں کے چیئر مین، ٹی ایم اوز اور ڈبلیو ایس ایس پی کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے کلین اینڈ گرین پشاور مہم کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا کہ پشاور میں خصوصی صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس میں انتظامی افسران کی زیر نگرانی ٹی ایم ایز اور ڈبلیو ایس ایس پی کے اہلکار روزانہ کی بنیاد پر کوڑا کرکٹ اور کچرا اُٹھائیں گے اور نالیوں اور گلیوں کی صفائی بھی کی جائے گی اور معمول کی صفائی کے ساتھ صفائی مہم بھی جاری رہے گی اور اس کے ساتھ پشاور میں عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی جس میں عوام و تاجروں کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ گلیوں، محلوں اور سڑکوں پر کچرہ و گند نہ پھینکیں اور کچرے کو کوڑے دانوں میں ڈالیں تاکہ پشاور کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے اور پشاور کے دو علاقوں گلبہار اور یونیورسٹی ٹاؤن کو ماڈل زون بنایا جائے گا اور اس مہم میں عوام و تاجران کو شراکت دار بنایا جائے گا تاکہ عوامی تعاون کیساتھ اس مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔ کلین اینڈ گرین پشاور مہم کے حوالے سے عوام اپنے علاقوں میں کوڑا کرکٹ کی تصاویر ضلعی انتظامیہ کے وٹس ایپ نمبر 03157001799 پر بھیج سکتے ہیں جس پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی مہم کے دوران عملہ صفائی سے تعاون کریں اور گلی و محلوں میں کوڑا کرکٹ و گند نہ پھینکیں اس مہم کو کامیاب بنانے اور پشاور کو صاف ستھرا بنانے میں ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور سب کے تعاون سے ہی صفائی مہم کو کامیاب بنایاجا سکے گا۔