• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے مہرے بے نقاب ہورہے ہیں، مقررین

دی ہیگ ( نمائندہ جنگ ) پاکستان مسلم لیگ ن اوورسیز ہالینڈ کا تنظیمی اجلاس زیر صدارت چیئرمین مسلم لیگ ن ہالینڈ پیر طاہر اقرار شاہ منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان کی موجودہ صورتحال اور تنظیمی امور پر مشاورت کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن ہالینڈ چوہدری پرویز علی سندھیلہ نے کہا کہ میاں نوازشریف نے اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کا معاملہ اللہ کے سپرد کردیا تھا اور آج اللہ سازشی مہروں کو بے نقاب کررہاہے، چوہدری پرویز علی سندیلہ نے کہا کہ ثاقب نثار سے لے کرفیض حمید تک اپنے جرائم کو ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں اور عمران خان اپنے ہی سہولت کاروں کو سزا دینے کا مطالبہ کررہا ہے۔ اس سے اچھا انتقام کوئی نہیں ہوسکتا کہ ہائبرڈ رجیم کے تمام کردار ایک دوسرے سے دست و گریبان ہیں ۔ سینئر نائب صدر جاوید پیارا بٹ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو ری آرگنائز کرنے کا بیڑا مریم نواز نے اٹھایا ہے اور چند ہفتوں میں ہی مریم نواز نے اپنا لوہا منوالیا ہے، مریم نواز کے آنے کے بعد پی ٹی آئی دفاعی پوزیشن میں آچکی ہے، جنرل سیکرٹری چوہدری فیصل منظور نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی مسلم لیگ ن کو ری آرگنائز کرنے کیلئے تیار ہیں، الیکشن پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ن لیگ ہر وقت الیکشن کیلئے تیار ہے، عمران خان ہرمحاذ پر ناکام ہورہے ہیں اور فرسٹریشن میں ملک دشمن بیانیہ اپنا رہے ہیں ۔ سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ہالینڈ محمد جاوید اقبال کھوکھر نے کہا کہ میاں نوازشریف کی قیادت میں پاکستان دوبارہ ٹیک آف کرے گا، مشکل وقت گزرنے والا ہے،انہوں نے کہاکہ اسحاق ڈار نے ماضی میں بھی ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالا تھا اس بار بھی وہی نکالیں گے ۔ اجلاس میں دیگر پارٹی عہدیداران نائب صدر محمد یونس بٹ ، شاہد مقصود ،چوہدری محمدسعید ،مہر محمد وقاص، محمد خورشید مغل ،حاجی عبدالقیوم، سید رضوان احمدضیا، سید عامر عباس،چوہدری طارق، جاوید آفتاب ، نعمان سلیم بٹ،محمد محسن وارثی، نزاکت علی صدیق اور عبدالباسط خان نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ وہ وقت اب دور نہیں کہ قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف جلد پاکستان میں موجود ہو ں گے اور قائد مسلم لیگ ن ہی پاکستان کو بحرانوں سے نکالیں گے ،پاکستان ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ اجلاس میں اوورسیز مسلم لیگ ن ہالینڈ کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔

یورپ سے سے مزید