کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ اپنی خوش فہمی دور کر لیں کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہی بنے گا۔ 358وارڈز میں جماعت اسلامی نے جیت حاصل کی ہے اس کے باوجود بھی پیپلز پارٹی بضد ہے کہ میئر جیالا ہوگا۔ پیپلز پارٹی اپنی شکست قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی نے 1970 میں نتائج تسلیم نہیں کئے جس کی وجہ سے مشرقی پاکستان ہم سے الگ ہوا۔پیپلز پارٹی اگر کراچی کے عوام کے فیصلہ کی نفی کرے گی تو صوبے کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ساتھ زیادتی کرے گی،کراچی کے بلدیاتی انتخابات کو دو ماہ گزر گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن بتائے کہ ملتوی شدہ 11 نشستوں کے انتخابات کیوں نہیں کروائے جا رہے۔