لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور میں کشیدگی کی وجہ سے سپر لیگ میں پلے آف سے قبل چاروں ٹیموں کے پریکٹس سیشن منسوخ کردیے گئے۔ پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کو فائیو اسٹار ہوٹل سے قذافی اسٹیڈیم پہنچنے میں مشکل پیش آئی اور پریکٹس کو ختم کردیا گیا۔ سیکیورٹی حکام نے ٹیموں کے روٹ کو کلیئرکرنے سے انکار کردیا۔ پلے آف سے قبل چاروں ٹیموں نے شام کے وقت پریکٹس کرنا تھی۔ ٹیم ہوٹل زمان پارک کے قریب ہے اور ٹیموں کو اسٹیڈیم جانے کے لئے زمان پارک کے قریب سے جانا ہوتا ہے۔ دریں اثنا چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے مطالبہ کیا کہ سپر لیگ کیلئے سیکورٹی فراہم کی جائے،19 مارچ کو 25 ہزار شائقین پی ایس ایل کا فائنل دیکھیں گے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں نجم سیٹھی نے کہا کہ دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کی نظریں پی ایس ایل فائنل پر ہوں گی پنجاب حکومت اسٹیڈیم آنے والے شائقین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے۔ شہریوں کی سیکیورٹی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔