لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی ہفتے کوسپر لیگ فائنل کے بعد لاہور سے دبئی روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل اور ایشین کرکٹ کونسل کی اہم میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ ان دونوں میٹنگز میں بھارت میں ورلڈ کپ اور پاکستان میں ایشیا کپ کے بارے میں فیصلے کا امکان ہے۔ آئی سی سی اجلاس کے اگلے روز ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ بھی شیڈول ہے جہاں نجم سیٹھی اور سی او او سلمان نصیر اور سی ای او فیصل حسنین پاکستان کا مقدمہ لڑیں گے۔ نجم سیٹھی دعوی کرچکے ہیں کہ اگر ایشیاکپ کھیلنے بھارت پاکستان نہیں آتا تو پھر ہم بھی ورلڈکپ کیلئے وہاں نہیں جائیں گے، پاکستانی ٹیم کی بھارت میں سکیورٹی بھی بڑا ایشو ہے جبکہ ہم نے یہ بھی دیکھنا ہے کہ 2025 میں پاکستان نے آئی سی سی چیمپئن شپ کی بھی میزبانی کرنی ہے۔