اسلام آباد(نیوز ایجنسیز)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے جوہری اور میزائل پروگرام کے حوالے سے سوشل اور پرنٹ میڈیا پر گردش کرنے والے حالیہ تمام بیانات، پریس ریلیز، سوالات اور مختلف دعوؤں میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی کے دورہ پاکستان کے تناظر میں پرامن ایٹمی پروگرام کو منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام ایک قومی اثاثہ ہے جس کی ریاست غیرت مندی سے حفاظت کرتی ہے، یہ مکمل پروگرام کلی طور پر محفوظ، فول پروف اور کسی بھی دباؤ کے بغیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام اس مقصد کو ہر طرح سے پورا کرتا ہے جس کے لیے یہ صلاحیت حاصل کی گئی ہے۔